سابق وزیرداخلہ شیخ رشید نے پنجاب میں انتخابی شیڈول واپس لینے کا الیکشن کمیشن کا فیصلہ سپریم کورٹ میں چیلنج کرنے کے لیے آئینی درخواست تیار کر لی۔
سابق وزیرداخلہ کی جانب سے آرٹیکل 184/3 کی درخواست ایڈووکیٹ اظہر صدیق کی وساطت سے عدالت عظمیٰ میں دائر کی جائے گی جس میں وفاق ،پنجاب ،الیکشن کمیشن ،وزارت داخلہ اور خزانہ کو فریق بنایا گیا ہے۔
شیخ رشید کی جانب سے تیار کی گئی درخواست میں عدالت سے استدعا کی جا رہی ہے کہ پنجاب میں الیکشن شیڈول بحال کرتے ہوئے الیکشن کمیشن کو اس کے مطابق انتخابات کرانے کا حکم دیا جائے۔
شیخ رشید کی جانب سے یہ استدعا بھی کی جائے گی کہ الیکشن کمیشن کو خیبر پختونخوا میں بھی 90 روز میں الیکشن کرانے اور پنجاب میں موجودہ نگران حکمرانوں کو ہٹا کر غیر جانبدارانہ سیٹ اپ تعینات کرنے کا بھی حکم دیا جائے۔
واضح رہے کہ الیکشن کمیشن آف پاکستان نے 22 مارچ کو پنجاب میں انتخابات ملتوی کردیے تھے اور جاری کردہ نوٹیفکیشن میں کہا گیا تھا کہ امن وامان کی خراب صورت حال کے پیش نظر 30 اپریل کو انتخابات نہیں ہوسکتے لہٰذاصوبے میں عام انتخابات 8 اکتوبر کو ہوں گے۔