وفاقی حکومت نے سرکاری ملازمین کو ملنے والی ہفتے کے دن کی تعطیل ختم کرنے پر غور شروع کردیا ہے اور اس سلسلے میں کابینہ ڈویژن نے تمام وزارتوں سے رائے طلب کرلی ہے۔
مزید پڑھیں
حکومتی ذرائع کے مطابق وفاق کے سرکاری ملازمین کی ہفتے کی چھٹی کے خاتمے کے لیے تمام وزارتوں سے رائے موصول ہوجانے پر وفاقی کابینہ اس کی منظوری دے گی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ہفتے کی ہفتہ وار تعطیل ہونے سے بجلی سمیت دیگر کوئی بچت نہیں ہوئی اور اخراجات جوں کے توں ہیں الغرض جو فوائد متوقع تھے وہ حاصل نہیں ہوسکے اس لیے یہ فیصلہ کیا جا رہا ہے۔ مزید برآں حکومت کا خیال ہے کہ ہفتے کے روزتعطیل کی صورت میں اداروں کے بند ہونے سے عوام کو بھی مشکلات کا سامنا ہوتا ہے۔
ذرائع کے مطابق بہت امکان ہے کہ یکم جولائی 2024 سے ملک بھر کے تمام محکموں میں ہفتہ وار تعطیل صرف اور صرف اتوار کے روز ہو گی جبکہ ہفتے کی تعطیل کو وفاقی محکموں میں ختم کرنے کے لیے اقدامات بھی کیے جار ہے ہیں۔
عیدالاضحیٰ کے بعد کابینہ کی میٹنگ میں ہفتے کی چھٹی ختم کیے جانے کا فیصلہ ہونے کی صورت میں فوراً نوٹیفیکیشن جاری کردیا جائے گا۔
یاد رہے کہ یاد رہے کہ پی ٹی آئی کے بانی چیئرمین اور سابق وزیراعظم عمران خان کی حکومت کے خلاف عدم اعتماد کامیاب ہوجانے پر اقتدار میں آنے والی پی ڈی ایم حکومت کے وزیراعظم محمد شہباز شریف نے اپریل 2022 میں اپنے عہدہ سنبھالنے کے بعد ہفتے کی چھٹی کے خاتمے کا اعلان کیا تھا تاہم بعد میں جون 2022 میں وہ فیصلہ واپس لے لیا گیا تھا۔ چھٹی کے خاتمے کے اعلان کے بعد سرکاری ملازمین نے اس کے خلاف احتجاج بھی کیا تھا۔