بلاول آکسفورڈ میں داخلے کا فارم دکھائیں تاکہ قوم کو پتا چلے وہ کون ہیں، علی امین گنڈاپور

بدھ 5 جون 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

خیبرپختونخوا کے وزیراعلیٰ نے صوبے کے گورنر فیصل کریم کنڈی پر ایک بار پھر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے گورنر کی کوئی حیثیت نہیں، انہیں کوئی اور بات کرنے سے پہلے بلاول بھٹو زرداری سے پوچھنا چاہیے کہ انہیں آکسفورڈ یونیورسٹی میں داخلہ کس بنیاد پر ملا تھا۔

پشاور میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا نے کہا، ’میڈیا کو پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری سے سوال پوچھنا چاہیے کہ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کہہ رہا ہے کہ تم نے آکسفورڈ میں داخلہ لیا تھا، اس کا داخلہ فارم دکھاؤ، اس فارم سے قوم کو پتا چلے گا کہ یہ ہے کیا؟‘

انہوں نے کہا کہ وہ گورنر خیبر پختونخوا کو کچھ نہیں سمجھتے، ان میں اتنی اہلیت نہیں کہ میں ان کا نام لوں، میں اتنے سے برداشت کر رہا ہوں، انہیں چاہیے کہ وہ اپنی اوقات میں رہیں، ان کی اوقات ہے کیا، وہ تو ہم تینوں بھائیوں سے ہارے ہوئے ہیں۔

’وفاق نے رویہ نہ بدلا تو دما دم مست قلندر ہوگا‘

وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور نے پی ایس ڈی پی سے خیبرپختونخوا کے 91 منصوبے نکالنے پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ وفاق نے خیبر پختونخوا کے منصوبے ختم کرکے متعصبانہ رویہ اپنایا، پہلے بجلی منافع اور واجبات روکے، اب منصوبوں پرضرب لگادی گئی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ واجبات اور منصوبے روک کر سیاسی انتقام لیا جارہا ہے۔ انہوں نے وفاقی حکوت کو آخری وارننگ دیتے ہوئے کہا کہ وہ عوامی مفادات پر کوئی سمجھوتا نہیں کریں گے، اگر وفاق نے متعصبانہ رویہ جاری رکھا تودما دم مست قلندرہوگا اور وفاق کوبتائیں گے زور سے حقوق کیسے لیے جاتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا حکومت صوبے کے حقوق سے ہرگز پیچھے نہیں ہٹے گی، صوبے کے منصوبوں پر وفاق کو کٹوتی نہیں کرنے دیں گے، ان سے حکومت چل نہیں رہی، یہ بجٹ تک نہیں دے پا رہے۔

علی امین گنڈاپور نے کہا کہ پی ٹی آئی دور میں بجلی 16 روپے یونٹ تھی جو آج 64 روپے یونٹ ہے، بجلی کے بلوں کی مد میں لیا جانے والا پیسہ کہاں جارہا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پی ٹی آئی اور اسکی قیادت کے خلاف سارے مقدمات جعلی ثابت ہو رہے ہیں، سائفر میں کچھ نہیں، ہم نے پہلے کہہ دیا تھا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp