سعودی عرب کی فٹ بال ٹیم کے کھلاڑی سپر اسٹار سالم الدوسری نے پاکستانی چائلڈ اسٹار شیس سجاد گُل کی خواہش پوری کردی۔
پاکستانی چائلڈ اسٹار نے سعودی عرب کے کھلاڑی سے ملنے کی خواہش کا اظہار کیا تھا، جس پر سالم الدوسری نے اپنے دورے کے موقع پر پاکستانی بچے سے ملاقات کی اور اسے ٹی شرٹ بھی تحفے میں پیش کی۔
سپر اسٹار سالم الدوسری (سعودی قومی ٹیم کے کھلاڑی) نے پاکستانی بچے کی فرمائش پوری کرتے ہوئے اس سے ملاقات کی اور اسے ایک ٹی شرٹ بطور تحفہ دی۔
🇵🇰❤️🇸🇦 pic.twitter.com/iQnVgErOCy
— Dr. Naif Alotaibi (@Dr_Naif777) June 5, 2024
واضح رہے کہ سعودی عرب کی فٹ بال ٹیم فیفا ورلڈ کپ 2026 کے کوالیفائر راؤنڈ 2 کے لیے پاکستان پہنچ گئی ہے۔
اس سے قبل پاکستان پہنچنے پر سعودی عرب کے اسٹار کھلاڑی سالم الدوسری نے خوشی کا اظہار کیا۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ’ایکس‘ پر اپنی ٹوئٹ میں انہوں نے لکھا کہ میں پیارے پاکستان میں بہت خوش ہوں، اور کل جناح اسٹیڈیم میں ملاقات کا منتظر ہوں۔
میں پیارے پاکستان میں بہت خوش ہوں۔
کل جناح اسٹیڈیم میں ملاقات کا میں منتظر ہوں 💚 🇵🇰🇸🇦— سالم الدوسري (@salem_d29) June 5, 2024
سعودی عرب کی فٹ بال ٹیم چارٹرفلائٹ سے اسلام آباد پہنچی جہاں سعودی عرب کے سفیر نواف بن سعید المالکی نے ٹیم کا استقبال کیا جبکہ اس موقع پر پاکستانی حکام بھی موجود تھے۔
سعودی عرب کی فٹ بال ٹیم کو سخت سیکیورٹی میں ایئرپورٹ سے ہوٹل تک پہنچایا گیا۔
سعودی سفیر نواف سعید المالکی کا پیغام
دوسری جانب پاکستان میں سعودی عرب کے سفیر نواف سعیدالمالکی نے اپنے ایک پیغام میں کہا ہے کہ کل پاکستان اور سعودی عرب کی فٹ بال ٹیموں کے درمیان اچھا میچ دیکھنے کو ملے گا۔
انہوں نے کہاکہ دونوں دوست ممالک کے تعلقات بہت اچھے ہیں، ہم میچ کے حوالے سے انتظامات پر پاکستان کی محبت اور تعاون کے شکر گزار ہیں۔
واضح رہے کہ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان ورلڈ کپ کوالیفائر میچ کل اسلام آباد کے جناح اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔