کراچی: بچے کے اغوا کا غلط الزام لگا کر مشتعل افراد کا شہری پر تشدد، زندہ جلانے کی کوشش

جمعرات 6 جون 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

کراچی کے علاقے ناظم آباد 4 نمبر میں مشتعل افراد نے بچے کے اغوا کا غلط الزام لگا کر شہری کو تشدد کا نشانہ بنایا۔

پولیس کے مطابق، مشتعل افراد نے شہری کامران کو جلانے کی بھی کوشش کی تھی، تاہم پولیس نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے شہری کامران کو مشتعل افراد سے بچایا اور اپنی تحویل میں لے کر ناظم آباد تھانے منتقل کیا۔

پولیس کی جانب سے واقعہ کی تحقیقات میں مشتعل افراد کا شہری پر بچے کے اغوا کا الزام غلط ثابت ہوا، جس شہری پر بچے کے اغوا کا الزام لگایا گیا وہ دراصل بچے کا ماموں تھا۔

بچے کی والدہ نے پولیس کو ریکارڈ کرائے گئے اپنے بیان میں بتایا، ’میرا بھائی کامران میرے بیٹے کو لے کر چیز دلوانے گیا تھا، علاقے میں موجود افراد کو غلط فہمی ہوئی کہ بچے کو اغوا کیا جارہا ہے۔‘

پولیس کا کہنا ہے کہ ضابطے کی کارروائی کے بعد بچے کو والدہ کے حوالے کردیا گیا ہے اور بچے کے ماموں کو بھی چھوڑ دیا گیا ہے۔ پولیس نے کہا ہے کہ غلط الزام لگا کرشہری پر تشدد کرنے والے افراد کو شامل تفتیش کیا جائے گا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp