کیا پاکستانی کرکٹرز آٹوگراف کے بدلے مداحوں سے ڈالرز وصول کر رہے ہیں؟

جمعرات 6 جون 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاکستانی کرکٹ ٹیم  ٹی 20 ورلڈ کپ 2024 میں شرکت کے لیے امریکا میں موجود ہے، جہاں وہ  امریکا کے خلاف اپنے میچ سے آج اس ایونٹ کا آغاز کرے گی، تاہم اس میچ سے قبل سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے پاکستان کرکٹ بورڈ اور کرکٹ ٹیم کو تنقید کا سامنا ہے۔

سوشل میڈیا پر امریکا کے شہر ڈیلاس میں ہونے والی ایک تقریب کا دعوت نامہ گردش کر رہا ہے، جو سوشل میڈیا صارفین میں موضوع بحث بن گیا ہے۔

پاکستان کرکٹ ٹیم میٹ اینڈ گریٹ کے نام سے دعوت نامے پر لکھا گیا ہے کہ اگر آپ اس ایونٹ میں شرکت کرنا چاہتے ہیں تو آپ کو فی کس 25 ڈالر ادا کرنے ہوں گے۔

پی سی بی نے اس دعوت نامے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایونٹ ایک چیریٹی فنکشن تھا، تاہم دعوت نامے میں کہیں بھی خیراتی کام کا ذکر نہیں ہے۔

سابق کپتان راشد لطیف نے اس حوالے سے کہا ہے کہ کھلاڑی آٹوگراف پر دستخط کرنے اور تصاویر لینے کے لیے پیسے لے رہے ہیں، ورلڈ کپ سے عین قبل نجی عشائیے میں کھلاڑیوں کا شرکت کرنا تباہ کن ہے۔

راشد لطیف نے کہا کہ اگر آئی سی سی یا پی سی بی نے اس عشائیے کا اہتمام کیا ہوتا تو بات الگ ہوتی، جب امریکا میں کسی نے پاکستانی کھلاڑیوں کو مدعو کیا تو ان سے پوچھا گیا کہ وہ کتنا معاوضہ دیں گے، ماضی میں ایسا بھی ہوا کہ تجارتی معاملات شہ سرخیوں میں آئے۔

انہوں نے کہا کھلاڑیوں کو فنڈز ریزنگ ایونٹ یا پرائیویٹ ڈنرز میں شامل نہیں ہونا چاہیے تھا، قومی کھلاڑیوں کو صرف کرکٹ پر توجہ مرکوز کرنی چاہیے۔

اس حوالے سے پاکستان کرکٹ بورڈ کے ترجمان نے دعویٰ کیا ہے کہ پاکستان کرکٹ ٹیم نے ڈیلاس میں ایک چیریٹی ایونٹ میں شرکت کی تھی، اس سے حاصل ہونے والی آمدنی ایک اچھے مقصد پر خرچ ہوگی، ایک بھی پاکستانی کھلاڑی کو شرکت کے لیے ادائیگی نہیں کی گئی۔

یاد رہے کہ اس نجی تقریب میں کپتان بابر اعظم اور محمد رضوان نے بھی شرکت کی تھی، پی سی بی نے انہیں تقریب میں جانے کی اجازت دی تھی۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp