ٹی20 ورلڈ کپ میں آسٹریلیا نے عمان کو 39 رنز سے ہرا دیا

جمعرات 6 جون 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

ٹی20 ورلڈ کپ کے 10ویں میچ میں آسٹریلیا نے عمان کو 39 رنز سے ہرا دیا، آسٹریلیا کی فتح مارکس اسٹوئنس کی آل راؤنڈ کارکردگی کی مرہون منت رہی، جنہیں میچ کا بہترین کھلاڑی بھی قرار دیا گیا۔

بارباڈوس کے دارالحکومت برج ٹاؤن میں کھیلے گئے گروپ بی کے اس میچ میں عمان نے ٹاس جیت کر آسٹریلیا کو بیٹنگ کی دعوت دی، آسٹریلوی اوپننگ بلے باز ٹریوس ہیڈ اور ڈیوڈ وارنر میدان میں اترے، تاہم ہیڈ صرف 12 رنز بنا کر بلال خان کی گیند پر آؤٹ ہوگئے۔

پہلی وکٹ گنوانے کے بعد آسٹریلیا نے محتاط انداز میں بلے بازی جاری رکھی لیکن 9ویں اوور میں 50 رنز کے مجموعی اسکور پر اس کے 3 کھلاڑی پویلین لوٹ چکے تھے، اس موقع پر ڈیوڈ وارنر کا ساتھ دینے مارکس اسٹوئنس میدان میں بھیجے گئے۔

دونوں کھلاڑیوں کی شراکت داری میں ٹیم کا اسکور 152 رنز تک پہنچ گیا، اس موقع پر ڈیوڈ وارنر ایک چھکے اور 9 چوکوں کی مدد سے 56 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئے، بائیں ہاتھ کے بلے باز ڈیوڈ وارنر نے آسٹریلیا کی جانب سے عالمی ٹی20 کرکٹ میں سب سے زیادہ 3 ہزار 155 رنز بنانے کا ریکارڈ قائم کردیا۔

جارحانہ بلے بازی کا عمدہ مظاہرہ کرتے ہوئے مارکس اسٹوئنس نے 36 گیندوں پر 6 چھکوں اور 2 چوکوں کی مدد سے 67 رنز کی ناقابل شکست اننگ کھیلی، جس کی بدولت آسٹریلیا کی ٹیم مقررہ 20 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر عمان کو 165 رنز کا ہدف دینے میں کامیاب رہی۔

عمان کی جانب سے مہران خان نے 38 رنز دے کر 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، جبکہ بلال خان اور کلیم اللہ ایک، ایک وکٹ لے سکے، 165 رنز کے تعاقب میںعمان کے اوپنر پہلے ہی اوور میں پراتک اٹھاولے بغیر کوئی رن بنائے آؤٹ ہوگئے۔

تجربہ کار آسٹریلین باؤلرز کی جانب عمان کے ناتجربہ کار بلے بازوں کے گرد گھیرا جاری رکھا، یہی وجہ ہے کہ عمان کی وقفے وقفے سے وکٹیں گرتی رہیں، ایان خان اور مہران خان نے آسٹریلوی بولرز کیخلاف مزاحمت کی ناکافی کوشش کی۔

عمان کی ٹیم مقررہ 20 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 125 رنز بناسکی اور یوں آسٹریلیا نے ٹی20 ورلڈ کپ میں اپنا کامیاب آغاز کرتے ہوئے میچ 39 رنز سے باآسانی اپنے نام کرلیا، عمان کی جانب سے ایان خان 36، مہران خان 27 اور کپتان عاقب الیاس 18 رنز بنا کر نمایاں اسکورر رہے۔

آسٹریلوی بولر مارکس اسٹوئنس نے 3، جبکہ مچل اسٹارک، ایڈم زمپا اور ناتھن ایلس نے  دو 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، مارکس اسٹوئنس اپنی شاندار آل راؤنڈ کارکردگی پر میچ کے بہترین کھلاڑی بھی قرار دیے گئے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp