امریکا سے شکست: ’چیف جسٹس صاحب سے گزارش ہے اس ٹیم سے بلا چھین لیں‘

جمعہ 7 جون 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

آئی سی سی مینز ٹی 20 ورلڈ کپ میں امریکا نے پاکستان کو سپر اوور میں 5 رنز سے شکست دے کر ایونٹ میں مسلسل دوسری کامیابی حاصل کر لی۔

امریکا نے سپر اوور میں پاکستان کو جیت کے لیے 19 رنز کا ہدف دیا تھا جس پر قومی ٹیم صرف 13 رنز بناسکی۔ امریکا کو آخری اوور میں فتح کے لیے 15 رنز چاہیے تھے لیکن وہ 14 بنا سکی اور یوں میچ ٹائی ہوگیا۔

پاکستان کی جانب سے سپر اوور محمد عامر نے کرایا اور امریکا نے 18 رنز بنا کر پاکستان کو 19 رنز کا ہدف دیا لیکن پاکستان سپر اوور میں 13 رنز ہی بنا سکا۔

امریکا سے ہار کے بعد شائقین کی جانب سے پاکستان کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا جا رہا ہے، کسی نے کہا کہ ہاکستانی ٹیم کو ہارنے کی عادت ہو گئی ہے تو کوئی یہ کہتا نظر آیا کہ یہ صرف گھومنے پھرنے آئے ہیں کھیلنے نہیں۔

احتشام الحق نے ایک خاتون کی ویڈیو شیئر کی جس میں وہ کہتی ہیں کہ ہماری بیٹنگ اور فیلڈنگ زیرو ہے نہ ہی پاکستانی ٹیم کیچ پکڑتی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ کچھ کر کے ہارتے تو اتنا دکھ نہ ہوتا لیکن آپ کھیلتے ہی نہیں ہیں۔ اگر ایسے ہی کھیلنا تھا تو میدان میں ہی نہ آتے۔

امریکا سے ہارنے کے بعد پاکستان کے لیجنڈری اسکرپٹ رائٹر، میزبان اور مزاح نگار انور مقصود کی ایک ویڈیو بھی سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہی ہے جس میں وہ کہتے ہیں کہ پاکستان امریکا سے مجبوری میں ہارا ہے کیونکہ آئی ایم ایف سے ابھی قرضہ ملنا ہے، ان کا مزید کہنا تھا کہ شاید آئی ایم ایف کی یہ بھی شرط ہو کہ امریکا سے ہارو پھر پیسے دیں گے۔

ایک صارف کو ایسے موقع پر سابق وزیراعظم عمران خان اور سائفر کی یاد ستانے لگی، صارف نے عمران خان کی جگہ بابر اعظم کی ہاتھ میں سائفر پکڑے ایک تصویر شیئر کی اور ساتھ لکھا کہ امریکا سے دھمکی والا خط آیا ہے۔

پی ٹی آئی رہنما شہباز گل نے پاکستانی ٹیم کی کاکول ٹریننگ کی ایک ویڈیو شیئر کرتے ہوئے طنزاً لکھا کہ میرا خیال ہے امریکہ والوں کو پتہ نہیں تھا ہم کمبر ون ٹریننگ کر کے آئے ہیں ورنہ کچھ تو خیال کرتے۔

صحافی اجمل جامی نے پاکستانی ٹیم پر تنقید کرتے ہوئے لکھا پاکستان ٹیم سپرایٹ کھیلنے کی مستحق نہیں ہے۔ ٹیم کے اندر بڑی تبدیلی کی ضرورت ہے۔

پاکستان تحریک انصاف حکومت کے سابق وزیر فواد چوہدری نے کہا کہ اس سے پہلے کے اگلا میچ ہو چیف جسٹس صاحب سے گزارش ہے اس ٹیم سے بلا چھین لیں۔

واضح رہے کہ امریکا کی رواں ورلڈکپ میں دوسری کامیابی ہے، اس نے پہلے میچ میں کینیڈا کو ہراہا تھا۔ پاکستا ن کے خلاف جیت کے بعد امریکا گروپ اے میں 4 پوائنٹس کے ساتھ ٹاپ پوزیشن پر آگیا۔

 

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp