کراچی میں وفاقی حساس ادارے کی اطلاع پر پولیس نے ٹارگٹڈ کارروائی کرتے ہوئے لیاری گینگ وار، بھتہ خوری اور ڈکیتی جیسے سنگین جرائم میں ملوث ملزم کو گرفتار کرلیا۔
مزید پڑھیں
ایس ایس پی سٹی پولیس عارف عزیز کے مطابق، کلری پولیس کا ٹارگٹڈ کارروائی کے دوران لیاری گینگ وار کے کارندے سے سامنا ہوا، فائرنگ تبادلے کے بعد ملزم کو زخمی حالت میں گرفتار کیا گیا اور اس کے قبضے سے ایک پستول بمعہ راؤنڈز برآمد کیے گئے۔
ملزم کی شناخت شایان عرف شانو کے نام سے ہوئی ہے جو درجنوں بلڈرز اور تاجر حضرات کو بھتہ نہ دینے پر فائرنگ کرکے زخمی کر چکا ہے، ملزم لیاری گینگ وار وصی اللہ لاکھو, ارسلان پٹنی اور صمد گروپ کا اہم شوٹر ہے۔
ایس ایس پی سٹی کا کہنا ہے کہ ملزم شہر بھر کے مختلف اضلاع میں بھتہ نیٹ ورک چلا رہا تھا، ملزم بھتہ خوری، اقدام قتل، ڈکیتی، اسٹریٹ کرائمز اور موٹرسائیکل چوری کی درجنوں وارداتوں میں پولیس کو مطلوب تھا۔
ملزم کے انکشافات
ملزم نے انکشاف کیا کہ 11 ستمبر 2023 کو اپنے ساتھی زینب اور نادر کے ساتھ مل کر ڈسٹرکٹ سینٹرل میں دھاگہ فیکٹری کے مالک سعد ڈھاگہ والا اور 22 ستمبر 2023 کو چاول کے ڈیلر اسماعیل پر بھتہ نہ دینے پر حملہ کیا۔
ملزم نے 30 ستمبر 2023 کو اپنے ساتھی زینب کے ساتھ ایف بی انڈسٹریل ایریا، ڈسٹرکٹ سینٹرل میں بزنس مین بلال شفیع کی گاڑی پر بھتہ کی عدم ادائیگی کی وجہ سے حملہ کیا۔ ملزم نے 5 دسمبر 2023 کو اپنے ساتھی کے ساتھ مل کر نیو کراچی، ڈسٹرکٹ سینٹرل میں بلال مرشد (ASWJ) پر بھتہ کی عدم ادائیگی کی وجہ سے حملہ کیا۔ ملزم نے بھتہ خوری اور ڈکیتی کی دیگر وارداتوں میں ملوث ہونے کا بھی اعتراف کیا۔