لاہور کی انسداد دہشت گردی عدالت نے تحریک انصاف کے کارکن علی بلال عرف ظلِ شاہ قتل کیس میں فواد چوہدری اور حماد اظہر کی عبوری ضمانت منظور کر لی۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق ظلِ شاہ قتل کیس میں پی ٹی آئی رہنماؤں کی جانب سے ایڈووکیٹ ظفر اقبال منگن اور سکندر ذوالقرنین نے ضمانت کی درخواستیں دائر کیں۔ اس سے قبل انسدادِ دہشت گردی عدالت نے عدم پیروی پر تحریک انصاف کے دونوں رہنماؤں کی ضمانتیں خارج کر دی تھیں۔
عدالت نے اپنے ریمارکس میں وکیل سے استفسار کیا کہ 9 بج کر 35 منٹ پر تینوں رہنما موجود نہیں تھے،آپ نے پٹیشن میں یہ وقت لکھا ہے۔
جواب میں وکیل ظفراقبال منگن ایڈووکیٹ نے کہا کہ جی اسی وقت درخواستیں خارج ہوئی تھیں۔ فواد چوہدری شہر سے باہر تھے تاخیر سے لاہور پہنچے۔
فواد چوہدری کے وکیل کے مطابق موسم خراب ہونے کے باعث رات سفرنہیں کر سکے۔ ذاتی مصروفیات کے باعث عدالت پہنچنے میں تاخیر ہوئی۔
وکیل کی جانب سے مزید کہا گیا کہ یہ مقدمہ سیاسی بنیادوں پر درج کیا گیا ہے۔ پولیس نے سرور روڈ تھانہ میں دوسرا مقدمہ درج کیا جس میں پی ٹی آئی کے کارکن علی بلال عرف ظلِ شاہ کی موت کو حادثہ قرار دیا گیا ہے۔
وکیل کی استدعا پر عدالت نے ملزمان کو 1 ، 1 لاکھ روپے مچلکے جمع کرانے کی ہدایت کرتے ہوئے 4 اپریل کو دوبارہ پیش ہونے کا حکم دیا ہے۔