پی ٹی آئی کا ریٹائرڈ ججوں پر مشتمل الیکشن ٹریبونلز میں مقدمات کی پیروی نہ کرنے کا اعلان

جمعہ 7 جون 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاکستان تحریک انصاف نے عمران خان اور ان کی اہلیہ کے خلاف عدت کیس کے ٹرائل کی نئی عدالت میں منتقلی کو غیرآئینی قرار دیتے ہوئے دونوں قیدیوں کی فی الفور رہائی کا مطالبہ کیا اور ساتھ ہی یہ اعلان بھی کیا کہ وہ الیکشن ٹریبونلز میں ریٹائرڈ ججوں کے روبرو مقدمات کی پیروی نہیں کرے گی۔

پی ٹی آئی کور کمیٹی کے جمعے کو ہونے والے اجلاس کے اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ کیس کی نئی عدالت میں منتقلی منصفانہ ٹرائل کے ساتھ ایک سنگین مذاق ہے جسے پارٹی کلیتاً مسترد کرتی ہے۔

اعلامیے میں کہا گیا کہ بانی چیئرمین عمران خان اور ان کی اہلیہ فوری رہائی کے مستحق ہیں اور انہیں انصاف کی فراہمی کے عمل کو سست روی کا شکار کرکے صریح ناانصافی کی بھینٹ چڑھایا جا رہا ہے۔

’عدلیہ سیاسی انتقام کے سلسلے کو کندھا فراہم نہ کرے‘

کور کمیٹی نے عدلیہ سے کہا کہ وہ لاقانونیّت اور سیاسی انتقام کے مکروہ سلسلے کو کندھا فراہم کرنے کے بجائے آئین و انصاف کے ساتھ کھڑی ہو اور بانی چیئرمین عمران خان، ان کی اہلیہ اور تمام سیاسی قیدیوں کو فی الفور رہا کرے۔

پی ٹی آئی کور کمیٹی کا کہنا ہے کہ عمران خان کو سیاسی انتقام کا نشانہ بنانے اور ناحق قید میں رکھنے کے لیے قانون و ضوابط کی دھجیاں اڑا کر 10 گنا رفتار سے ٹرائلز کیے گئے اور سزائیں سنائی گئیں۔

کور کمیٹی کا مزید کہنا تھا کہ جھوٹے، بےبنیاد، جعلی اور من گھڑت مقدّمات اپنے انجام سے دوچار ہیں تو لمبی لمبی تاریخوں کی آڑ میں ٹرائلز کو سست روی کا شکار کیا جارہا ہے۔

’بشریٰ بی بی کی میڈیکل رپورٹس فراہم کی جائیں‘

پی ٹی آئی کور کمیٹی نے اعلامیے میں کہا کہ تمام تر خدشات اور تحفظات کے باوجود شوکت خانم کی بجائے پمز سے بشریٰ بی بی کے ٹیسٹس کروائے گئے اور رپورٹس بوجوہ چھپائی جارہی ہیں یا فراہم نہیں کی جارہیں۔

کمیٹی نے کہا کہ جیل انتظامیہ اور مینڈیٹ چور سرکار بشریٰ بی بی کی صحت سے کھیلنا بند کریں اور ان کی میڈیکل رپورٹس بلا تاخیر فراہم کریں۔

’الیکشن ٹریبونلز میں ریٹائرڈ ججوں کی تقرری مسترد کرتے ہیں‘

کورکمیٹی نے انتخابی ٹربیونلز کے لیے ریٹائرڈ ججز کی تقرریوں کے عمل کو بھی مسترد کرتے ہوئے کہا کہ یہ تقرریاں یکسر غیرآئینی، غیرقانونی اور انتخابی عذرداریوں پر انصاف پر مبنی فیصلوں کے پورے عمل کی تباہی کی بنیاد ہیں۔

اعلامیے میں کہا گیا کہ مینڈیٹ چوروں اور ریاستی شرانگیزوں کے کنسورشیم نے پہلے مجرم چیف الیکشن کمیشن اور کٹھ پتلی کمیشن اراکین کی معاونت سے مرضی کے آر اوز لگا کر انتخابات میں ڈاکہ ڈلا اور اب ریٹائرڈ ججز لگا کر ٹربیونلز سے اپنی مرضی کے فیصلے حاصل کرنے کی مذموم منصوبہ بندی کر رہے ہیں۔

پی ٹی آئی کور کمیٹی نے کہا کہ الیکشن کمیشن آف پاکستان کی جانب سے ٹربیونلز میں ریٹائرڈ ججز کی تقرریوں کو کسی صورت تسلیم کرتے ہیں نہ ہی ان کے روبرو لگائے جانے والے مقدمات کی پیروی کریں گے۔

اجلاس میں کورکمیٹی کی جانب سے ملک گیر سطح پر پاکستان تحریک انصاف کی رکنیت سازی مہم کے آغاز کی بھی باضابطہ منظوری دی گئی۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp