بانی پی ٹی آئی عمران خان کی منظوری کے بعد زرتاج گل کو قومی اسمبلی میں سنی اتحاد کونسل کا پارلیمانی لیڈر نامزد کردیا گیا ہے۔
مزید پڑھیں
قومی اسمبلی میں قائدِ حزبِ اختلاف عمر ایوب نے کہا ہے کہ زرتاج گل کو قومی اسمبلی میں سنی اتحاد کونسل کا پارلیمانی لیڈر نامزد کر دیا گیا ہے۔ زین قریشی اور احمد چٹھہ قومی اسمبلی میں ڈپٹی پارلیمانی لیڈرز کے طور پر نامزد کیے گئے ہیں۔
قومی اسمبلی میں قائدِ حزبِ اختلاف عمر ایوب نے اپنی ایکس پوسٹ میں لکھا ہے کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان نے قومی اسمبلی میں پارلیمانی لیڈر اور ڈپٹی پارلیمانی لیڈرز کے عہدوں کے لیے رکن قومی اسمبلی زرتاج گل، زین قریشی اور احمد چٹھہ کو نامزد کردیا ہے۔
علاوہ ازیں قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر عمر ایوب نے کہا ہے کہ آزاد کشمیر میں جو کچھ ہوا، وہ پاکستان میں بھی ہوگا، بجٹ میں جو مہنگائی آرہی ہے وہ آپ سوچ بھی نہیں سکتے۔
مقدمات بھگت لیں گے مگر اپنے مؤقف سے پیچھے نہیں ہٹیں گے
گوجرانوالہ میں سیشن عدالت کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پاکستان تحریک انصاف کے رہنما و قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈرعمر ایوب نے کہا کہ وہ مقدمات بھگت لیں گے مگر اپنے مؤقف سے پیچھے نہیں ہٹیں گے، عمران خان، بشریٰ بی بی اور شاہ محمود سمیت سب کو رہا کیاجائے۔
عمر ایوب نے کہا کہ گوادر کے حالات خراب اور افغانستان بارڈر غیر محفوظ ہے، کچے کے ڈاکوؤں سے زیادہ زہریلے پکے کے ڈاکو ہیں، 450 ارب کھا جاؤ اور کہو پوچھ کَچھ بھی نہ ہو، بجٹ میں کیا پیش کریں گے جو مہنگائی آرہی ہے، آپ سوچ نہیں سکتے۔
رہنما پی ٹی آئی نے کہا کہ بجلی کا شارٹ فال ہے کیوں کہ ایندھن نہیں خریدا گیا، ہمارے دور میں بجلی کا یونٹ 17 روپے تھا، آج یونٹ پچاسی روپے کا ہے یہ 100 تک جائے گا، گیس کی قیمتیں 400 گنا بڑھا دی گئی ہیں، ابھی مزید بڑھیں گی۔
انہوں نے کہا کہ حکومت نے آزاد کشمیر کو3 ارب نہیں دیے، وہاں جو ہوا دنیا نے انگلیاں اٹھائیں، جس طرح وہاں ہوا پاکستان میں بھی وہی ہوگا۔
عمر ایوب نے کہا کہ ہمارے ملک کا فارم 47 والا وزیراعظم بڑی شان سے چین گیا، انہوں نے آئینہ دکھا دیا ، ڈپٹی میئر نے ہمارے وزیراعظم کا استقبال کیا، بانی پی ٹی آئی چین سمیت جہاں بھی گئے انہیں پروٹوکول دیا جاتا تھا۔