پاکستان کی تاریخ کے پہلے ’لائیو اسٹاک کارڈ‘ اور ’فارمر رہنمائی ایپ‘ کا اجرا

ہفتہ 8 جون 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاکستان کی تاریخ کے پہلے لائیو اسٹاک کارڈ اور پہلی’فارمر رہنمائی ایپ‘ کا اجرا کردیا گیا ہے۔

ہفتے کے روز وزیراعلیٰ پنجاب مریم نوازشریف کی زیر صدارت لائیواسٹاک سے متعلق اجلاس ہوا، اجلاس میں وزیراعلیٰ مریم نواز کو لائیواسٹاک سے متعلق متعلقہ حکام کی جانب سے بریفنگ دی گئی۔

ڈیری فارمنگ کے لیے آسان اقساط پر قرضہ فراہم کیا جائے گا

متعلقہ حکام نے وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کو بریفنگ میں بتایا کہ جنوبی پنجاب کے دیہی علاقوں میں مقیم مرد اور خواتین کو ڈیری فارمنگ کے لیے آسان اقساط پر قرضہ فراہم کیا جائے گا، پنجاب بھر کے 40 ہزار فارمرز کو پنجاب لائیواسٹاک کارڈ کے ذریعے قرضے دیے جائیں گے۔

2 لاکھ 70 ہزار روپے کا آسان قرضہ دیا جائے گا

وزیراعلی کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ پنجاب لائیواسٹاک فارم کے ذریعے فارمر ونڈا، سائلج اور منرل مکسچر کے لیے2 لاکھ 70 ہزار روپے کا آسان قرضہ دیا جائے گا، پنجاب لائیواسٹاک کارڈ کے ذریعے کسان 30 دن میں قرضہ ادا کر سکے گا، پنجاب میں اینیمل آئیڈینٹی ٹریس ایبلٹی سسٹم سے مویشی کی دیکھ بھال میں آسانی ہوگی۔

اجلاس میں وزیراعلیٰ مریم نوازشریف نے لائیواسٹاک فارمر کے لیے قرضے کے حصول کے مراحل آسان بنانے کی ہدایت کی اور مویشی فیڈ کے لیے 2 لاکھ 50 ہزار روپے کے بلاسود قرضے کی منظوری دی، اجلاس میں پاکستان کی تاریخ کا پہلا لائیو اسٹاک کارڈ اور پہلی’فارمر رہنمائی ایپ‘ کا اجرا بھی کیا گیا۔

4 لاکھ جانور میٹ ایکسپورٹ کے لیے میسر ہوں گے

وزیراعلیٰ کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ پنجاب لائیواسٹاک کارڈ اسکیم سے 4 لاکھ جانورمیٹ ایکسپورٹ کے لیے میسر ہوں گے، فارمرکو جانورں کی فری ڈیگنگ، فری انفیمینیشن سروسز، ونڈا اور سائلج کی کوالٹی کی ٹیسٹنگ سہولت بھی فراہم کی جائے گی۔

اجلاس میں وزیراعلیٰ مریم نواز نے اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ پنجاب کے لائیو اسٹاک فارمرز کو معاشی خودمختاری کی راہ پر گامزن کرنا چاہتی ہیں۔

سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب، صوبائی وزیر ایگریکلچر سید عاشق حسین، معاون خصوصی راشد نصراللہ، چیف سیکریٹری زاہد اختر زمان، سیکریٹری لائیو اسٹاک اور دیگر حکام نے بھی اجلاس میں شرکت کی۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp