سوات میں تحریک انصاف کا پاور شو: عمران خان جلد رہا ہو جائیں گے، بیرسٹر گوہر

ہفتہ 8 جون 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین بیرسٹر گوہر نے کہا ہے کہ عمران خان بہت جلد رہا ہو جائیں گے۔

سوات میں تحریک انصاف کے جلسے سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ جلسے میں شرکت کرنے والوں کے تہہ دل سے شکر گزار ہیں۔

بیرسٹر گوہر نے کہاکہ عمران خان جیل میں اپنے نظریے پر کھڑے ہیں اور ان کا موقف ہے کہ اپنے ساتھ زیادتی معاف کرتا ہوں مگر ملک کے ساتھ کی گئی زیادتی کو معاف نہیں کروں گا۔

چیئرمین پی ٹی آئی نے کہاکہ عمران خان چاہتے ہیں کہ ملک میں آئین و قانون کی بحالی ہو، لوگوں کو اٹھانا اور ان پر ظلم کرنا اب بند ہونا چاہیے۔

بیرسٹر گوہر نے کہاکہ اظہر مشوانی کے بھائیوں کے ساتھ ظلم کو ہم لاقانونیت سمجھتے ہیں۔

ہم ملک میں جمہوریت اور قانون کی بالادستی کی جدوجہد شروع کررہے ہیں، اسد قیصر

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے سابق اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے کہاکہ جب حق پر فیصلے ہوں گے تو عمران خان رہا ہو جائیں گے۔

انہوں نے کہاکہ سوات جلسے میں مراد سعید کی کمی محسوس ہورہی ہے، ہم ملک میں جمہوریت اور قانون کی بالادستی کی جدوجہد شروع کررہے ہیں۔

انہوں نے کہاکہ ہم عوامی مینڈیٹ کی توہین کو نہیں مانتے، خیبرپختونخوا میں ایک بار پھر دہشتگردی کا خدشہ ہے، مگر ملک میں بدامنی پھیلانے کی کسی صورت اجازت نہیں دیں گے۔

ہمیں کلاشنکوف کلچر نہیں قلم اور امن چاہیے

انہوں نے کہاکہ ہمیں کلاشنکوف نہیں قلم اور امن چاہیے، این ایف سی ایوارڈ سے متعلق وعدے پورے کیے جائیں۔

اسد قیصر نے کہاکہ اگر زبردستی فیصلے مسلط کیے گئے تو ہم قبول نہیں کریں گے، ہم بچوں کے لیے تعلیم چاہتے ہیں، بدامنی نہیں۔

سابق اسپیکر قومی اسمبلی نے کہاکہ ملاکنڈ اور فاٹا میں کسی صورت ٹیکس کا نفاذ قبول نہیں۔

واضح رہے کہ پی ٹی آئی نے 8 جون کو اسلام آباد میں جلسے کا اعلان کیا تھا تاہم انتظامیہ کی جانب سے روات کے مقام پر جلسے کی اجازت ملنے کے بعد مقام تبدیل کردیا گیا تھا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp