ترکیہ صدر رجب طیب اردوان سے وزیر خارجہ اسحاق ڈار کی ملاقات، پاکستان کے جلد دورے کی دعوت

ہفتہ 8 جون 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

 پاکستان کے نائب وزیر اعظم، وزیر خارجہ و سینیٹر اسحاق ڈار نے غزہ کی صورتحال پر ڈی ایٹ وزرائے خارجہ کونسل کے غیر معمولی اجلاس کے اختتام کے بعد ترک صدر رجب طیب اردوان کی جانب سے بلائی گئی ڈی ایٹ وزرائے خارجہ کی مشترکہ میٹنگ میں بھی شرکت کی ہے۔

دفتر خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ ہفتہ کے روز ہونے والی اس میٹنگ میں پاکستان کے نائب وزیر اعظم اور وزیر خارجہ محمد اسحاق ڈار نے ملاقات میں ترکیہ کے صدر رجب طیب اردوان سے کو وزارتی اجلاس کی کارروائی سے متعلق آگاہ کیا اور غزہ پر ڈی ایٹ وزارتی اجلاس کی میزبانی کے ترکیہ کے اقدام کو سراہا۔

بیان کے مطابق نائب وزیر اعظم اور وزیر خارجہ نے ترکیہ کے صدر رجب طیب اردوان کو پاکستان کے صدر آصف علی زرداری، وزیراعظم محمد شہباز شریف اور سابق وزیراعظم محمد نواز شریف کی جانب سے بھی مبارکباد پیش کی۔ انہوں نے پاک ترکیہ دوطرفہ تعلقات کو فروغ دینے میں ذاتی دلچسپی لینے پر رجب طیب اردوان کا شکریہ بھی ادا کیا۔

 نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ نے ترکیہ کے صدر رجب طیب اردوان کو ساتویں اعلیٰ سطح کی اسٹریٹجک تعاون کونسل(ایچ ایل ایس سی سی) کے لیے جلد از جلد پاکستان کا دورہ کرنے کی پھر دعوت بھی دی۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp