آزاد کشمیر کے دارالحکومت مظفرآباد کی واحد خاتون فوٹو گرافر طوبیٰ مجید

اتوار 9 جون 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

‎طوبیٰ مجید آزاد کشمیر کے دارالحکومت مظفرآباد میں واحد خاتون فوٹو گرافر ہیں جنہوں نے اس کو پیشےکے طور پر اختیار کیا ہے۔ وہ 2020 سے مظفرآباد میں فوٹو گرافی کا کام کررہی ہیں، انہوں نے اپنے ساتھ اپنی بہن کے علاوہ مزید 2 لڑکیوں کو بھی فوٹوگرافی سکھائی ہے۔

طوبیٰ، ان کی بہن اور 2 خواتین مظفرآباد شہر میں شادی بیاہ کی تقریبات کی فوٹو گرافی کرتی ہیں۔ اس کے علاوہ وہ جنم دن کی تقریبات اور منگنی کی رسومات کی فوٹو گرافی بھی کرتی ہیں اور یہی ان کے روزگار کا سبب ہے۔

’بہت سے خاندانوں کی خواہش ہوتی ہے کہ تقریبات میں خاتون فوٹوگرافر ہو‘

‎طوبیٰ مجید نے وی نیوز کو بتایا کہ مظفرآباد میں بہت سارے ایسے خاندان ہیں جو مرد فوٹوگرافر کو فوٹوگرافی کی اجازت نہیں دیتے، بلکہ ان کی خواہش ہوتی ہے کہ ایسے مواقع پر خواتین کی خدمات حاصل کی جائیں۔

انہوں نے کہاکہ مجھے فوٹوگرافی کے لیے 80 سے 90 فیصد ایسے لوگ بلاتے ہیں جن کی ڈیمانڈ ہی یہ ہوتی ہے کہ ہماری تقریب میں فوٹوگرافی کرنے والی خاتون ہو۔ ’پہلی مرتبہ منگنی کی تقریب کے فوٹو بنائے تو مجھے اس کی اجرت 500 روپے ملی لیکن تب مجھے اچھے فوٹو بنانے نہیں آتے تھے‘۔

‎طوبیٰ نے کہاکہ مظفرآباد میں کوئی ایسا انسٹیٹیوٹ نہیں ہے جہاں پر خواتین کو فوٹوگرافی یا فلمنگ سکھائی جائے۔

طوبیٰ نے فوٹو گرافی کہاں سے سیکھی؟

‎انہوں نے کہاکہ پہلے انہوں نے یوٹیوب سے سیکھا اور اس میں مزید بہتری لانے کے لیے ایک اسٹوڈیو میں کام کیا۔

‎طوبیٰ مجید نے کہاکہ وہاں انہوں نے ایک مہینہ فوٹوگرافی اور ایڈیٹنگ سیکھی، پھر مختلف اسٹوڈیوز میں پارٹ ٹائم کام کیا۔ ’اس دوران لوگوں کی بہت زیادہ تنقید بھی برداشت کی لیکن ہمت نہیں ہاری‘۔

‎انہوں نے کہاکہ ابتدا میں انُ کا کام معیاری نہیں تھا لیکن آہستہ آہستہ ان کے کام میں بہتری آتی گئی۔

‎طوبیٰ نے کہاکہ مجھے وائلڈ لائف فوٹوگرافی کا شوق بھی تھا لیکن جب میں نے شادیوں کی فوٹو گرافی کی تو مجھے اس میں بھی دلچسبی پیدا ہو گئی۔

انہوں نے کہاکہ خواتین کو ڈاکٹر یا ٹیچر بننے کے علاوہ دیگر شعبوں میں بھی کام کرنا چاہیے، خواتین زندگی کے ہر شعبے میں کام کرسکتی ہیں۔

‎طوبیٰ آؤٹ ڈور شوٹ بھی کرتی ہیں اور مظفرآباد کی کئی خواتین ماڈلز ان کی آؤٹ ڈور شوٹ کے لیے خدمات حاصل کرتی ہیں۔

’بختاور اشرف طوبیٰ سے فوٹو گرافی کرواتی ہیں‘

بختاور اشرف بھی مظفرآباد کی رہائشی ہیں، وہ اپنے خاندان میں ہونے والی شادی یا کسی اور تقریب کی فوٹوگرافی طوبیٰ سے کرواتی ہیں جبکہ اپنے سوشل میڈیا کے لیے بھی ان سے آؤٹ ڈور شوٹ کرواتی ہیں۔

‎بختاور نے وی نیوز کو بتایا کہ طوبیٰ کافی عرصے سے ان کی اور ان کے گھر کی تقریبات میں فوٹو شوٹس کرتی ہیں۔

انہوں نے کہاکہ آؤٹ ڈور شوٹ ہو یا ان ڈور وہ مرد فوٹوگرافرز کے ساتھ آرام دہ محسوس نہیں کرتیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp