معروف براڈ کاسٹر اور نیوز ریڈر تسکین ظفر انتقال کرگئیں

اتوار 9 جون 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاکستان ٹیلی وژن (پی ٹی وی) اور ریڈیو پاکستان کی معروف براڈ کاسٹر اور نیوز ریڈر تسکین ظفر انتقال کرگئیں

پی ٹی وی نیوز کے مطابق تسکین ظفر کی نمازِ جنازہ آج نماز عصر کے بعد فردوسی لائن لال کڑتی راولپنڈی میں اداکی جائے گی۔

 پاکستان ایک اور اچھی آواز سے محروم ہوگیا، ارجمند شاہین

ان کی ساتھی براڈکاسٹر ارجمند شاہین نے اپنی فیس بک پوسٹ میں لکھا کہ انتہائی دکھ سے بتانا پڑ رہا ہے کہ ہماری بہت پیاری ساتھی نیوز کاسٹر تسکین علی جو بعد میں تسکین ظفر ہوگئیں، مختصر علالت کے بعد انتقال کر گئی ہیں۔ ہم نے بہت سا وقت ساتھ گزارا ہے جب وہ اناؤنسر ہوتی تھیں۔ اللہ سے دعا ہے انہیں غریق رحمت کرے اور پسماندگان کو صبر دے آمین۔

وفاقی وزیر اطلاعات کا تسکین ظفر کے انتقال پر اظہار افسوس

وفاقی وزیر اطلاعات، نشریات، قومی ورثہ و ثقافت عطا اللہ تارڑ نے ریڈیو پاکستان کی سینئر نیوز کاسٹر تسکین ظفر کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔  اپنے تعزیتی بیان میں وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ تسکین ظفر کے انتقال کی خبر سن کر دلی افسوس ہوا، تسکین ظفر ایک باصلاحیت اور تجربہ کار نیوز کاسٹر تھیں، ان کی وفات سے نہ صرف ریڈیو پاکستان بلکہ میڈیا انڈسٹری کو ناقابل تلافی نقصان پہنچا ہے۔

وفاقی وزیر اطلاعات نے تسکین ظفر کے اہل خانہ سے دلی تعزیت کا اظہار کیا اور دعا کی کہ اللہ تعالیٰ مرحومہ کی مغفرت فرمائے اور لواحقین کو صبر جمیل عطا فرمائے، آمین۔

وفاقی سیکریٹری اطلاعات کا تسکین ظفر کے انتقال پر اظہار افسوس

وفاقی سیکریٹری اطلاعات و نشریات شاہیرہ شاہد نے ریڈیو پاکستان کی سینئر نیوز کاسٹر تسکین ظفر کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ اپنے تعزیتی بیان میں وفاقی سیکریٹری اطلاعات نے مرحومہ کے ایصال ثواب کے لئے دعا کی اور لواحقین سے دلی تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کیا۔

انہوں نے کہا کہ تسکین ظفر ریڈیو پاکستان کا اثاثہ تھیں، ان کے انتقال سے پیدا ہونے والا خلا کبھی پر نہیں ہو سکے گا۔ تسکین ظفر مرحومہ کی ریڈیو پاکستان کے لیے خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ مرحومہ کی کامل مغفرت اور لواحقین کو صبر جمیل عطا فرمائے۔ آمین

تسکین ظفر PTV کا اثاثہ تھیں، سابق وزیر اطلاعات

سابق وزیر اطلاعات چوہدری فواد حسین نے کہا ہے کہ تسکین ظفر پی ٹی وی کا اثاثہ تھیں۔ انہوں نے اردو زبان میں خبریں پڑھنے کا ہُنر معراج پر پہنچایا۔ خدا غرق رحمت کرے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp