سراج الحق نے ملک میں مارشل لا کا خدشہ ظاہر کردیا،سیاسی قوتوں کو مذاکرات کی تجویز

ہفتہ 25 مارچ 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق نے ملک میں مارشل لا کا خدشہ ظاہرکرتے ہوئے کہا ہے کہ اب ہم اسی سمت بڑھ رہے ہیں اس لیے پی ڈی ایم حکومت اور تحریک انصاف کو ہوش کے ناخن لینے چاہییں۔

منصورہ میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے سراج الحق نے سیاسی جماعتوں کو تجویز پیش کی کہ تمام سیاسی قوتیں انتخابات کے لیے مذاکرات کریں،حکومت کو تحریک انصاف کے جلسے میں رکاوٹیں نہیں ڈالنی چاہییں۔

سراج الحق کا کہنا تھا کہ پی ڈی ایم اور تحریک انصاف والے جھوٹ بولتے ہیں، اس وقت پورا سسٹم صرف ڈھکوسلا اور حکومت سرخی پا ؤڈر ہے ،ملک کے اندر ہر بحران میں مافیا ملوث ہے۔

امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق نے عمران خان کو منصورہ میں رہائش کی پیشکش کرتے ہوئے کہا ہے کہ پی ٹی آئی چیئرمین اگر اپنے گھر زمان پارک اور آزادکشمیر جہاں ان کی حکومت ہے وہاں پر محفوظ نہیں ہیں تو منصورہ آجائیں یہاں ان کی جان کو کوئی خطرہ نہیں ہوگا۔

الیکشن کمیشن نے ملک کو آئینی بحران میں مبتلا کردیا ہے

سراج الحق نے کہا کہ موجودہ حکومت ناکام ہوچکی ہے اور الیکشن کمیشن نے ملک کو آئینی بحران میں مبتلا کردیاہے،اب ضروری ہے کہ پورے ملک میں ایک ساتھ الیکشن کرائے جائیں۔

امیر جماعت اسلامی پاکستان نے کہا کہ پنجاب کی نگران حکومت پی ڈی ایم کا حصہ بن چکی ہے اور یہ لمبے عرصے کا پروگرام بنا رہے ہیں جبکہ الیکشن کمیشن نے ملک کو آئینی بحران سے دوچار کردیا ہے،اگر سپریم کورٹ کا حکم نہ مانا گیا تو یہ بغاوت ہوگی۔

ان کا کہنا تھا کہ ہر گھر میں مہنگائی کے باعث آگ لگی ہوئی ہے،زرعی ملک میں موت سستی اور آٹا مہنگا ہوچکا ہے،قوم کی بد بختی ہے کہ آٹے کے لیے قطار میں لگی ہوئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ کہ سرکار خود تسلیم کرتی ہے کہ ملک میں 46 فیصد مہنگائی ہے اور ایک کروڑ 40 ہزار افراد ڈپریشن کا شکار ہوچکے ہیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp