چین کتنے لاکھ پاکستانی نوجوانوں کو آئی ٹی تربیت دے گا؟ وزیر اطلاعات کی دورہ چین سے متعلق پریس کانفرنس

پیر 10 جون 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

وفاقی وزیر اطلاعات عطا تارڑ نے کہا ہے کہ پاک چین دوستی لازوال ہے، پاک چین دوستی ہر دو ر میں مثالی رہے گی۔ پاکستان چین دوستی اچھے برے وقت کی محتاج نہیں ہے، دورہ چین نے پاک چین دوستی کو نئی بلندیوں پر پہنچایا۔ وزیراعظم شہبازشریف کا دورہ چین تاریخی تھا۔

اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیر اطلاعات عطا تارڑ نے کہا کہ چین کے صدر اور وزیراعظم نے شہبازشریف کو سلامتی کونسل کا رکن منتخب ہونے پر مبارکبا د دی۔ پاکستان کی خارجہ پالیسیوں میں کامیابیوں کی لمبی فہرست ہے۔ پاکستان 185 میں سے 182 ووٹ لیکر رکن منتخب ہوا۔ وزیراعظم کی چینی صدر کے ساتھ سوا 3گھنٹے میٹنگ جاری رہی۔

عطا تارڑ نے کہا کہ وزیراعظم نے دورے سے قبل کہا تھا سی پیک کا دوسرا فیز شروع کرنے جارہے ہیں، چینی صدرنے سی پیک کو اپ گریڈ کرنے کی بات کی ہے۔ وزیراعظم پاکستان چین کا تاریخی اور کامیاب دورہ مکمل کرکے آئے ہیں، پاک چین تعلقات میں اس حد تک گرمجوشی کبھی دیکھنے کو نہیں آئی، ایسے موضوعات پر بھی گفتگو ہوئی جن پر کبھی بات نہیں ہوئی۔

انہوں نے کہا کہ گوادر پورٹ کو فعال کرنے، ایم ایل ون کے منصوبوں پر بات ہوئی، ایم ایل ون کی تعمیر پر ایک کمیٹی تشکیل دی گئی ہے۔ وزیراعظم نے ہر میٹنگ میں کراچی سرکولر ریلوے کا تذکرہ کیا جس کی پذیرائی ہوئی۔ بزنس ٹو بزنس 32 معاہدے ہوئے، شراکت داری کے معاملات طے پائے ہیں۔ بزنس کانفرنس میں 500 افراد شریک ہوئے جن میں معاہدے اور ایم او یوز پر دستخط ہوئے۔

وزیراطلاعات کا کہنا تھا کہ تمام معاشی اشاریئے مثبت ہیں۔ پاکستان کی آئی ٹی برآمدات میں اضافہ اور کرنٹ اکاﺅنٹ خسارہ میں کمی آئی ہے، زرمبادلہ کے ذخائر میں بھی اضافہ ہوا ہے اور روپے کی قدر بھی مستحکم ہے۔ چین 2 لاکھ پاکستانی نوجوانوں کو آئی ٹی تربیت دے گا، نوجوانوں کی تربیت سے آئی ٹی برآمدات میں مزید اضافہ ہوگا۔

وفاقی وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ پاک چین دوستی ہمارے خون میں شامل ہے، چین نے ہمیشہ پاکستان کا اور پاکستان نے ہمیشہ چین کا ساتھ دیا۔ سی پیک کی اپ گریڈیشن کا فائدہ دونوں ممالک کے عوام کو پہنچے گا۔ امن و ترقی پاکستان کے اندرونی و بیرونی دشمنوں کو ہضم نہیں ہو رہی۔

عطا تارڑ نے کہا کہ دشمنوں کے مذموم عزائم کامیاب نہیں ہونے دیں گے، پاک چین دوستی میں رخنہ ڈالنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ دہشت گردی کو جڑ سے اکھاڑ پھینکیں گے۔ پاکستان کے دشمن سیاسی عدم استحکام، دہشت گردی کا فروغ چاہتے ہیں۔ سیاسی عدم استحکام پیدا کرنے والی قوتوں کی کوشش ہوتی ہے کہ پاکستان کے ہمسایہ ممالک کے ساتھ تعلقات پروان نہ چڑھیں۔

وفاقی وزیر اطلاعات نے مزید کہا کہ ایک نام نہاد لیڈر نے عالمی سطح پر پاکستان کو آئسولیشن کا شکار کیا۔ ملک میں چینی باشندوں کا تحفظ یقینی بنایا جائے گا، کوئی پاک چین تعلقات کو نقصان نہیں پہنچا سکتا، آج دنیا پاکستان میں سرمایہ کاری اور تجارت کے لیے معاہدے کرنے کے لیے تیار ہے۔

عطا تارڑ نے کہا کہ 9 مئی کرنیوالے کبھی شہیدوں کا غم محسوس کرکے دیکھیں، آپ کی قربانیاں کیاہیں،کسی شہید کا غم محسوس کرکے دیکھیں۔ پیپلز پارٹی سے پوچھیں جنہوں نے لاشیں اٹھائی ہیں۔ نواز شریف بیوی کو بیمار چھوڑ کر پاکستان آئے تھے۔ سیاسی اور بیرونی دشمنوں کو کامیاب نہیں ہونے دیں گے، 2018 سے 2022 تک دوسرے ملکوں کو ناراض کیا گیا، وہ چاہتے ہیں ملک میں امن قائم نہ ہو۔ سیاسی دشمن کبھی 1971کی بات کرتے ہیں تو کبھی شیخ مجیب کی،ملک دشمن چین دوستی میں رخنہ ڈالنے کی کوشش کررہے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ بشام واقعہ میں ملوث تمام دہشت گردوں کو کٹہرے میں لائیں گے۔ فارن ایکسچینج ریزرو 4 ارب ڈالر ہوا کرتے تھے جو 15 ارب ڈالر کراس کر گئے ہیں۔ مہنگائی میں کمی ہوئی، پیٹرول کی قیمت کم ہوئی ہے۔ آج مہنگائی  11 فیصد پر آگئی ہے۔ ملکی ترقی اور معیشت کی بہتری کے لیے اگلے چند ہفتوں میں مزید پیش رفت ہوگی۔

چینی صدر نے کہا قرا قرم رینج نے ہمیں آپس میں جوڑا ہوا ہے، ہمارے پہاڑ، سڑکیں مشترکہ ہیں، ہم ہمسایہ ہیں۔ اب ہم شراکت داری، باہمی اتفاق سے معاملات آگے لیکر چلیں گے۔ کوئی سیاسی لیڈر اتنا بڑا نہیں ہوتا کہ وہ ملک کی ترقی میں رکاوٹ بنے، ایک نام نہاد لیڈر نےپاکستان کو ہر جگہ رسوا کیا تھا۔

وزیراطلاعات عطاتارڑ کا کہنا تھا کہ ہتک عزت کا قانون سب کے لیے ہے۔ کسی کی بھی عزت اچھال دیں کسی کے بارے میں مذہبی نفرت پھیلا دیں، سوشل میڈیا پر نفرت پھیلائی جارہی ہے۔ کبھی کسی چینل نے پاکستان میں ہتک عزت کا دعویٰ کیا؟ برطانیہ میں فوری کارروائی ہوتی ہے اور معافی مانگنا پڑتی ہے۔ یہاں کسی کی عزت اچھال دیں، مذہبی منافرت پر بھی کوئی پوچھنے والا نہیں۔

سوشل میڈیا فائر وال سے متعلق سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ دورہ چین کے دوران فائر وال کا لفظ میں نے نہیں سنا، چین کی عظیم دیوار چین دیکھی جب ہم جہاز سے لینڈ کر رہے تھے، اس کے علاوہ کسی وال کا ذکر نہیں ہوا۔ انہوں نے کہا کہ بجٹ کے حوالے سے چاروں صوبوں کے وزرائے اعلیٰ کے ساتھ میٹنگ ہوئی ہے، آج شام وزیر خزانہ بجٹ کے حوالے پریس کانفرنس کریں گے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp