پنجاب اسمبلی: سانحہ 9 مئی کے کرداروں کو سزا دلانے کے مطالبے کی قرارداد کثرت رائے سے منظور

پیر 10 جون 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

سانحہ 9 مئی 2023 کے کرداروں کو فوری طور پر قرار واقعی سزا دلانے کے مطالبے کی قرارداد پنجاب اسمبلی میں کثرت رائے سے منظور کرلی گئی۔

قرار داد استحکام پاکستان پارٹی کے ممبر پنجاب اسمبلی شعیب صدیقی نے ایوان میں پیش کی۔

قرار داد کے متن میں کہا گیا ہے کہ 9مئی کے ماسٹر مائنڈ، منصوبہ سازوں اور ذمہ داران کو سخت سے سخت سزا دی جانی چاہیے۔

قرار داد کے مطابق فوجی تنصیبات اور شہدا کی یادگاروں کی بے حرمتی اور منفی پراپیگنڈا کرنے والے کسی رعایت کے مستحق نہیں۔

قرار داد میں کہا گیا ہے کہ 9 مئی کو جو کچھ ہوا وہ المناک، افسوسناک، دلخراش، نا قابل فراموش سانحہ اور سیاہ ترین باب ہے، ریاست، ملکی سلامتی، اعلیٰ عدلیہ اور اداروں کے خلاف گھناؤنی سازش بے نقاب ہوگئی۔

قرارداد میں مطالبہ کیا گیا ہے کہ امن و امان کی صورتحال بگاڑنے، عوام اور اداروں میں تصادم کرانے والوں کوسزا ملنی چاہیے۔

قرارداد میں کہا گیا ہے کہ جناح ہاؤس اور دیگر شہروں میں تباہی پھیلانے والوں کو جلد از جلد کیفر کردار تک پہنچایا جائے۔ قوم ملکی سلامتی، معیشت کی ترقی اور اداروں کے تقدس کے لیے فوج کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔

قرارداد کے مطابق پنجاب اسمبلی کا ایوان دعا گو ہے کہ آئندہ کبھی بھی 9 مئی 2023 جیسا سانحہ رونما نہ ہو۔

قرار داد میں 9 مئی کو تباہی پھیلانے کے لیے مخصوص ذہن سازی اور شر پسندوں کی سوچی سمجھی سازش قرار دیا گیا۔

9 مئی کے مجرموں کو کیفر کردار تک پہنچانا چاہیے، بلال یامین

اس موقع پر ایوان میں خطاب کرتے ہوئے حکومتی رکن بلال یامین نے کہاکہ 9 مئی غازیوں سے بے وفائی کا دن ہے۔ اس روز پی ٹی آئی نے فوجی تنصیبات پر حملہ کیا۔

بلال یامین نے کہاکہ صنم جاوید اور عالیہ حمزہ جیسے کرداروں نے حملے کیے تو آج ان کے لیے انصاف کی بات کی جاتی ہے، کیا فوجیوں کی فیملیاں انصاف نہیں چاہتیں۔

بلال یامین نے کہاکہ 9 مئی کے مجرموں کو کیفر کردار تک پہنچانا چاہیے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp