حکومت مدت پوری کرے گی اور ہم ایک مضبوط معاشی بنیاد دے کر جائیں گے، وفاقی وزیر احسن اقبال

پیر 10 جون 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال نے کہا ہے کہ حکومت اپنی مدت پوری کرے گی اور ہم ایک مضبوط معاشی بنیاد دے کر جائیں گے۔

نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے احسن اقبال نے کہاکہ قومی اقتصادی کونسل کا اجلاس انتہائی خوشگوار ماحول میں ہوا جس میں چاروں صوبوں کے وزرائے اعلیٰ نے شرکت کی۔

انہوں نے کہاکہ علی امین گنڈاپور نے اپنے صوبے سے متعلق کچھ باتیں بتائیں، قومی اقتصادی کونسل آئین کے مطابق معاشی فیصلہ سازی کے لیے ایپکس باڈی ہے۔

انہوں نے کہاکہ ملکی معیشت کی ترقی کے لیے ضروری ہے کہ اب ملک میں کوئی غیریقینی صورتحال پیدا نہ ہو۔ ہمیں بحیثیت پاکستانی فیصلہ کرنا ہے کہ 2047 میں ہم کہاں کھڑے ہوں گے۔

احسن اقبال نے کہاکہ ہم سی پیک کے دوسرے فیز میں داخل ہورہے ہیں اور دشمن قوتوں کی سازش ہے کہ اسے سبوتاژ کیا جائے مگر چین نے واضح کیا ہے کہ دشمن قوتیں اپنے مقاصد میں کامیاب نہیں ہوں گی۔

انہوں نے کہاکہ چین اپنے لوگوں کی زندگیوں کے معاملے میں بہت حساس ہے، کیونکہ چینی باشندوں کی جانوں کے نقصان پر چینی قیادت کے لیے اہم ایشو ہوتا ہے۔

وفاقی وزیر نے کہاکہ پاکستان میں بدقسمتی سے بڑے ٹارگٹڈ واقعات ہوئے، اور حالیہ واقعات میں ملوث قوتوں کی خواہش تھی کہ پاکستان اور چین کے تعلقات کو سبوتاژ کیا جائے۔

چینی قیادت کو سیکیورٹی کے اضافی اقدامات سے متعلق آگاہ کیا

انہوں نے کہاکہ ہم نے حالیہ دورے کے دوران چینی قیادت کو سیکیورٹی کے اضافی اقدامات سے متعلق آگاہ کیا جس پر انہوں نے اطمینان کا اظہار کیا۔

احسن اقبال نے کہاکہ چین اور پاکستان مل کر افغانستان پر دباؤ بڑھائیں گے کہ وہ اپنی سرزمین کسی دوسرے ملک کے خلاف دہشتگردی کے لیے استعمال نہ ہونے دے۔

ہمسایوں کے ساتھ اچھے تعلقات ہونے چاہییں

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہاکہ خطے کی ترقی کے لیے ہمسایوں کے ساتھ اچھے تعلقات ہونے چاہییں، نواز شریف کا یہی موقف ہے کہ پاکستان اور بھارت بات چیت سے تنازعات کو حل کریں۔

انہوں نے کہاکہ نواز شریف کا اعلان لاہور بڑا ہائی پوائنٹ تھا جب واجپائی لاہور آئے، لیکن کارگل کے واقعات نے امن کی کوششوں کو دھچکا لگایا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp