ہسپانوی عدالت نے ریال میڈرڈ کے فٹبال کھلاڑی کے خلاف نفرت انگیز زبان استعمال کرنے کے جرم میں شائقین کو نسل پرستانہ توہین پر سزا سنائی۔ والنسیا کے 3فٹ بال شائقین کو ریال میڈرڈ کے کھلاڑی ونیسیئس جونیئر کے خلاف نفرت انگیز سلوک کرنے اور اس کو سیاہ فام پکارنے کے جرم میں 8ماہ قید کی سزا سنائی گئی ہے۔
مزید پڑھیں
ہسپانوی عدالت کی طرف سے دی گئی یہ سزا اسپین کے ایک فٹبال اسٹیڈیم میں نسل پرستی کی توہین کے لیے پہلی سزا تھی۔ عدالت نے پیر کو ایک بیان میں کہا، کہ آج دیا گیا فیصلہ حتمی ہے اور اس بات کو ثابت کرتا ہے کہ تینوں ملزمان نے چیختے ہوئے، پھر اشاروں اور نعروں کے ساتھ ونیسیئس کی توہین کی۔
عدالت نے لکھا کہ نسل پرستانہ نوعیت کی یہ چیخیں، اشارے اور آوازیں فٹبالر کے لیے مایوسی، شرمندگی اور ذلت کے جذبات کا باعث بنا، جس کے نتیجے میں اس کے اندرونی وقار کو نقصان پہنچا۔
واضح رہے اسپین میں غیر متشدد جرائم کے لیے 2سال سے کم قید کی سزا کے لیے شاذ و نادر ہی ملزمان کو جیل بھیجا جاتا ہے، اس لیے تینوں کے آزاد رہنے کا امکان ہے جب تک کہ وہ مزید جرائم کا ارتکاب نہ کریں۔
تاہم، تینوں شائقین نے الزامات کا اعتراف کیا ہے، جس کی بنیاد پر ان کی 2سال کے لیے فٹبال اسٹیڈیم میں داخلے پر پابندی عائد کر دی گئی ہے اور اس دوران کارروائی کے اخراجات ادا کرنے کا حکم بھی دیا گیا ہے۔