احمد شہزاد نے بابر اعظم کو ’جعلی کنگ‘ کیوں قرار دیا؟

جمعرات 13 جون 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

آئی سی سی ٹی20 مینز ورلڈ کپ میں امریکا اور بھارت کے ہاتھوں شسکت کے بعد پاکستان کی قومی کرکٹ ٹیم مسلسل شائقین اور سینیئر کرکٹرز کی تنقید کی زد میں ہے۔

گو کہ کینیڈا کے خلاف فتح حاصل کرنے اور امریکا کے خلاف بھارتی ٹیم کی کامیابی کے بعد پاکستان ٹیم کی سپر8 مرحلے تک رسائی کا امکان ہے لیکن اس کے باوجود پہلے 2 میچز میں شکست پر پاکستانی ٹیم خصوصاً کپتان بابر اعظم شائقین اور سینیئر کھلاڑیوں کے نشانے پر ہیں۔

دوسرے سینیئر کھلاڑیوں کی طرح کرکٹر احمد شہزاد نے بھی بابر اعظم کو آڑے ہاتھوں لیا اور انہیں ’جعلی کنگ‘ قرار دے دیا۔ حال ہی میں وہ جیو نیوز کے ایک پروگرام میں بطور مہمان شریک ہوئے جہاں میزبان نے بابر اعظم کے مقابلے انہیں ان کے اعدادوشمار دکھائے۔

اس موقع پر احمد شہزاد نے اپنی رائے کا اظہار کرتے ہوئے کہا، ’سوشل میڈیا پر میرے 8 سال پرانے اعدادوشمار سے بابراعظم کا موازنہ کیا جارہا ہے، اس وقت صورتحال مختلف تھی، ہمیں اڑھائی سے 3 لاکھ روپے ملتے تھے اور  اب 50 لاکھ روپے ماہانہ ملتے ہیں۔‘

’بابر کے Stats مجھ سے بھی گھٹیا ہے‘

احمد شہزاد نے کہا کہ بابر کو کپتان ہونے کا ہر اختیار حاصل ہے تاہم وہ ماڈرن کرکٹ میں دنیا سے پیچھے رہ گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ قومی ٹیم کے مضبوط سے مضبوط کپتان کا ہر 2 سے 3 سیریز کے بعد احتساب ہوا لیکن بابر کا تاحال کسی نے احتساب نہیں کیا۔

قومی کرکٹر نے کہا کہ بابر کو اپنے کیریئر میں جتنی سپورٹ ملی وہ کسی اور کپتان کو نہیں ملی لیکن اس کے باوجود اپنی کپتانی کے 5 سال میں پاکستان کو ایک ٹرافی بھی نہ جتوا سکے۔۔

احمد شہزاد کا کہنا تھا کہ بابر اعظم نے نے ٹیم میں اپنے دوستوں کو شامل کروانے کے لیے ڈومیسٹک کرکٹر کو نظرانداز کیا اور ڈومیسٹک کرکٹ کا نظام درہم برہم کردیا۔ انہوں نے کہا، ’میں مانتا ہوں میں اپنے اعدادوشمار کو بہتر کرسکتا تھا لیکن بابر کے اعدادوشمار مجھ سے بھی گھٹیا ہیں، آپ جعلی کنگ ہیں، آپ نے سوشل میڈیا پر لوگوں کو پاگل بنایا ہوا ہے، اب آپ کو چاہیے کہ آپ یہ تسلیم کریں کہ میں اس سب کا ذمہ دار ہوں، اب میں ڈومیسٹک کھیلوں گا۔‘

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp