فلوریڈا میں سیلابی صورتحال، ’شائقین کرکٹ دیکھنا چاہتے ہیں واش آؤٹ نہیں‘

جمعرات 13 جون 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

امریکی ریاست فلوریڈا میں شدید بارشوں کے بعد سیلابی صورتحال ہے، طوفانی بارشوں اور سیلابی صورتحال کے باعث فلوریڈا میں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی ہے۔ جس کی وجہ سے آئی سی سی ٹی20 ورلڈکپ کے شیڈول میچز متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔

فلوریڈا میں طوفان کے سبب پاکستانی ٹیم کی سپر8 میں رسائی خطرے میں پڑتی جا رہی ہے۔ پاکستان کو اگر ورلڈکپ کی دوڑ میں شامل رہنا ہے تو اس کے لیے ضروری ہے کہ امریکا اور آئرلینڈ کو کامیابی ملے۔

فلوریڈا میں سیلابی صورتحال کے بعد صارفین آئی سی سی کو تنقید کا نشانہ بنا رہے ہیں کہ میچز فلوریڈا میں ہی شیڈول کیوں کیے گئے جبکہ چند صارفین ایسے بھی ہیں جومیچز کی دوسرے وینیو پر منتقلی کا مطالبہ کر رہے ہیں۔

ایک صارف نے لکھا کہ 2 ہفتے قبل کی سیلاب وارننگ کے باوجود آئی سی سی نے فلوریڈا میں میچز کیوں شیڈول کیے۔ انہوں نے آئی سی سی کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ پتہ نہیں ان کا ایسا کرنے کا مقصد کیا تھا۔

سپورٹس جرنلسٹ فرید خان نے کہا کہ اگر پورے ہفتے بارش کی پیش گوئی ہوتی ہے تو آئی سی سی کو میچز فلوریڈا سے ڈیلاس، ٹرینیڈاڈ، انٹیگوا یا بارباڈوس منتقل کر دینے چاہیئں کیونکہ شائقین کرکٹ دیکھنا چاہتے ہیں واش آؤٹ نہیں۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ اس موسم میں فلوریڈا میں کوئی میچ شیڈول نہیں ہونا چاہیے تھا۔

ایک ایکس صارف کا کہنا تھا کہ رواں ہفتے فلوریڈا میں زیادہ کرکٹ نہیں کھیلی جائے گی۔ انہوں نے سری لنکا، پاکستان اور آئرلینڈ کو ایڈوانس میں ہی گڈ بائے بول دیا۔ صارف نے مزید کہا کہ جب آئی سی سی کو علم ہے کہ بارش ہونے والی ہے تو وہ میچز کو دوسرے وینیوز پر منتقل کیوں نہیں کرتا؟

طاہر چوہدری نے فلوریڈا کی موجودہ سیلابی صورتحال کی ایک ویڈیو پوسٹ کرتے ہوئے کہا کہ اگر پاکستان امریکا سے میچ جیت جاتا تو سپر8 میں جانے کے لیے اگر مگر کی نوبت نہ آتی۔

واضح رہے کہ کل بروز جمعہ 14 جون کو امریکا اور آئرلینڈ کا اہم مقابلہ فلوریڈا میں ہونا ہے جو کہ بارش سے متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔  میچ نہ ہونے کی صورت امریکا اور آئرلینڈ کو ایک ایک پوائنٹ مل جائے گا اور یوں امریکہ سپر ایٹ کے لیے کوالیفائی کر جائے گا جبکہ پاکستان ایونٹ سے باہر ہو جائے گا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp