صوبہ پنجاب سے پاکستان کے سب سے کم عمر صوبائی وزیراسپورٹس ملک فیصل کھوکھر نے کہا ہے کہ کرکٹ،کبڈی، ہاکی، فٹ بال سمیت تمام کھیلوں میں نئے کھلاڑیوں کی نرسری لگا رہا ہوں، عالمی معیار کا فٹ بال گراؤنڈ تیار کیا جارہا ہے، جلد بھارت کی کبڈی ٹیم پاکستان آئے گی۔
صوبائی وزیر کھیل ملک فیصل کھوکھر نے وی نیوز کو خصوصی انٹرویو دیتے ہوئے کہاکہ پنجاب میں کھیلوں کی بہتری کے لیے دن رات کام کیا جارہا ہے، وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کی بھی ہدایت ہے کہ پنجاب کے میدان آباد ہونے چاہییں اس لیے تمام کھیلوں کے فروغ کے لیے میں اور میری پوری ٹیم محنت کر رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہم مقامی سطح پر تمام کھیلوں کے مقابلوں کا انعقاد کرنے جارہے ہیں، جس سے اُمید ہے کہ ایک نیا ٹیلنٹ ابھر کر سامنے آئے گا۔
پنجاب کی ہر تحصیل میں اسپورٹس کمپلکس بنانے جارہے ہیں
انہوں نے کہا کہ ہم پنجاب کی ہر تحصیل میں ایک یا 2 اسپورٹس کمپلکس بنانے جارہے ہیں جو 2 سال کے اندر مکمل ہو جائیں گے۔ ان اسپورٹس کمپلکسز کے اندر کرکٹ، ہاکی، والی بال، فٹ بال، اسکواش،کبڈی سمیت 16 گیمز کھیلی جا سکیں گی۔
انہوں نے کہا کہ ان اسپورٹس کمپلکسز پر تقریباً 15 کروڑ روپے کی لاگت آئے گی، امید ہے کہ آؤٹ ڈور اسپورٹس کمپلکس تیار ہونے کے بعد نوجوانوں میں کھیلوں کا رجحان بڑھے گا۔
بھارت کی کبڈی ٹیم ٹورنامنٹ جلد لاہور آئے گی
ایک سوال کے جواب میں صوبائی وزیر کھیل ملک فیصل کھوکھر نے کہا کہ کبڈی کا ٹورنامنٹ موسم سرما میں ہونے جارہا ہے جس میں 6 بڑے ممالک کی ٹیمیں حصہ لیں گی۔ بھارت کے وزیر کھیل سے بات ہوئی ہے انہوں نے کبڈی ٹورنامنٹ کھیلنے کے لیے رضامندی کا اظہار کیا ہے۔
صوبائی وزیر کھیل نے کہا کہ کبڈی کے ٹورنامنٹ میں پورے میلے جیسا سما ہوگا، ہماری کبڈی ٹیم بھی اس ٹورنامنٹ کے حوالے سے بھر پور تیاری کر رہی ہے، بھارت چوں کہ ہمارا روایتی حریف ہے اس لیے کبڈی میچز عوام کے لیے بہت دلچسپ ہونے والے ہیں۔
عالمی معیار کا فٹ بال اسٹیڈیم تیار کر رہے ہیں
صوبائی وزیر کھیل ملک فیصل کھوکھر نے مزید بتایا کہ ملک میں فٹ بال کے فروغ اور اس کھیل میں بہتری لانے کے لیے کام ہو رہا ہے، فٹ بال کے لیے الگ فیڈریشن ہے، مگر چاہتا ہوں کہ اسپورٹس بورڈ جو کھلاڑی تیار کرے وہی آگے کھیلے بھی، ہماری کوشش ہے کہ 2 سے 3 سال کے اندرصوبہ پنجاب میں عالمی معیار کا فٹ بال اسٹیڈیم تیارکروائیں۔
قومی ہاکی ٹیم کو وفاق سے زیادہ پنجاب نے انعام دیا
صوبائی وزیر کھیل ملک فیصل کھوکھر نے بتایا کہ ہماری قومی ٹیم اذلان شاہ ہاکی ٹورنامنٹ کا فائنل کھیل کر آئی تو ہم نے ان کی بھرپور حوصلہ افزائی کی، تاریخ میں پہلی دفعہ ایسا ہوا کہ پنجاب نے وفاق سے زیادہ کسی ٹیم کو انعامی رقم دی ہے، ہم نے 3 کروڑ روپے ہاکی ٹیم کو دیے ہیں تاکہ کھلاڑیوں کے حو صلے بلند ہوں اور وہ آئندہ زیادہ اچھی کارکردگی کامظاہرہ کریں۔
کھیلوں کا فروغ مریم نواز کا ویژن ہے
انہوں نے کہا کہ کھیلوں کا فروغ پہلی خاتون وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کا ویژن ہے، وہ چاہتی ہیں ہر کھیل میں کھلاڑیوں کی بھرپور حوصلہ افزائی ہونی چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ اب صرف کرکٹ میں ہی نہیں بلکہ باقی کھیلوں میں بھی اچھی انعامی رقم دی جائے گی، ہم کھلاڑیوں کو اپنی کمیٹیوں میں بھی شامل کر رہے ہیں تاکہ وہ کھیلوں میں اچھا ٹیلنٹ تلاش کر سکیں۔ہم چاہتے ہیں کہ قومی کھلاڑی کھیلوں کے فروغ کے لیے اپنی رائے دیں۔
انہوں نے کہا کہ کھیلوں کے فروغ کے لیے کھلاڑیوں کو اب ماہانہ وظفیہ دینا بھی شروع کردیا ہے تاکہ یہ کھلاڑی اپنے کھیل پر زیادہ بہتر طور پر توجہ مرکوز کر سکیں۔
کابینہ اجلاس میں دیر سے آنے والے کو وزیر اعلیٰ سے ڈانٹ پڑتی ہے
ایک سوال کے جواب میں صوبائی وزیر کھیل کا کہنا تھا کہ مریم نواز بطور وزیر اعلیٰ بہت مختلف ہیں وہ اپنے کام پر بھرپور توجہ دیتی ہیں، ہفتہ وار رپورٹس لیتی ہیں اور وزرا نے جو یقین دہانیاں کرائی ہوتی ہیں وہ ان سے متعلق باقاعدہ پوچھتی ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ وزیراعلیٰ پنجاب وقت کی بہت زیادہ پابند ہیں، اگر کوئی کابینہ اجلاس میں دیر سے آئے تو اس کو ڈانٹ پڑتی ہے، اس حوالے سے مجھے بھی کافی دفعہ ڈانٹ پڑ چکی ہے۔
کابینہ کے اجلاسوں میں رانا سکندر سب سے زیادہ مرتبہ لیٹ ہوئے
صوبائی وزیر کھیل نے بتایا کہ کابینہ کے اجلاسوں میں سب سے زیادہ دفعہ وزیر تعلیم رانا سکندر لیٹ ہوتے ہیں، انہیں جب وزیر اعلیٰ مریم نواز سے ڈانٹ پڑتی ہے تو وہ کہتے ہیں مجھے پھول نگر سے آنا ہوتا ہے، اجلاس سے متعلق میسج رات لیٹ ملا، اس وجہ سے پہنچتے پہنچتے دیر ہوگئی۔
انہوں نے کہا کہ اگر ہم وزیر اعلیٰ کو کہیں کہ ٹریفک کی وجہ سے لیٹ ہو گئے تو وہ کہتی ہیں آپ وزیر ہو، ٹریفک کا نظام ٹھیک کریں تاکہ آپ کو دیر ہو نہ کسی عام شہری کو اس حوالے سے کوئی مسئلہ ہو۔