واٹس ایپ کا نیا اسکرین شیئرنگ فیچر کیا ہے؟

جمعہ 14 جون 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

انسٹنٹ میسجنگ ایپلی کیشن واٹس ایپ نے ویڈیو کالنگ کے فیچر کو اپڈیٹ کیا ہے، واٹس ایپ نے ویب ورژن کے لیے آڈیو سپورٹ کے ساتھ اسکرین شیئرنگ اور نیا اسپیکر اسپاٹ لائٹ فیچر متعارف کرا دیا ہے۔

رپورٹس کے مطابق نئی اسپیکر اسپاٹ لائٹ اپڈیٹ ویڈیو کال پر بات کرنے والے صارف کو خود بخود نمایاں کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے جس سے انہیں اسکرین پر پہلے ظاہر کیا جا سکے گا۔ اس کے علاوہ پلیٹ فارم نے ویڈیو کال پر شرکاء کی تعداد 32 افراد تک بڑھا دی ہے۔

رپورٹس کے مطابق واٹس ایپ کی مالک کمپنی میٹا نے ایپ پر میٹا لو بِٹ ریٹ (ایم لو) کوڈیک فیچر بھی متعارف کرایا ہے جس کا مقصد پرانی ڈیوائس میں کال کے معیار کو بہتر کرنا ہے۔

یہ سہولت انسٹاگرام اور میسنجر کالز کے لیے پہلے سے ہی دستیاب ہے اور اب اس کو واٹس ایپ پر بھی جاری کیا جا رہا ہے۔ یہ نئی اپ ڈیٹ آئندہ چند ہفتوں میں صارفین کے لیے متعارف کرا دی جائے گی۔

واضح رہے کہ واٹس ایپ صارفین کے لیے ایک ایسا کارآمد فیچر بھی متعارف کروا رہا ہے جس سے ڈیوائسز کے درمیان چیٹ ہسٹری کو منتقل کرنا بہت آسان ہو جائے گا۔

 واٹس ایپ میں ڈیٹا ایک سے دوسری ڈیوائس میں منتقل کرنے کے لیے چیٹ بیک اپ کا استعمال کیا جاتا ہے۔ اس کے لیے صارفین کو کلاؤڈ سروسز جیسے گوگل ڈرائیو یا آئی کلاؤڈ میں ڈیٹا بیک اپ بنانا پڑتا ہے مگر آئی او ایس اور اینڈرائیڈ کے درمیان ڈیٹا ٹرانسفر کرنا کافی مشکل ہوتا ہے۔

اسی کو مدنظر رکھتے ہوئے واٹس ایپ میں ٹرانسفر چیٹ ہسٹری نامی فیچر کا اضافہ کیا جا رہا ہے اور اس میں چیٹ ڈیٹا کو ایک سے دوسری ڈیوائس میں منتقل کرنے کے لیے کیو آر کوڈ کی مدد لی جائے گی۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp