اس سال کتنے خوش نصیبوں کو حج کی سعادت حاصل ہوئی؟ سعودیہ نے اعداد و شمار جاری کردیے

اتوار 16 جون 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

رواں حج سیزن میں کتنے مسلمانوں کو حج کی سعادت نصیب ہوئی، اس حوالے سے متعلقہ سعودی اتھارٹی نے اعداد و شمار جاری کردیے ہیں۔

سعودی جنرل اتھارٹی برائے شماریات کے مطابق اس سال (1445 ہجری) حجاج کرام کی کل تعداد 18 لاکھ 33 ہزار 164 رہی ، ان میں سے 16 لاکھ 11 ہزار 310 عازمین حج غیر ملکی تھے، ملکی حجاج کرام کی تعداد 2 لاکھ 21 ہزار 854 رہی، ان ملکی حجاج میں سعودی شہری اور رہائشی دونوں شامل ہیں۔

اتھارٹی کے اعداد و شمار کے مطابق رواں سال اندرون و بیرون ملک کے عازمین حج کی مجموعی تعداد میں سے مرد عازمین حج کی تعداد 9 لاکھ 58 ہزار 137 رہی اور خواتین کی تعداد 8 لاکھ 75 ہزار 27 رہی، مملکت کے باہر سے آنے والے عازمین حج میں سے عرب ملکوں سے آنے والے عازمین کا تناسب 22.3 فیصد رہا۔

ایشیائی ممالک سے 63.3 فیصد، افریقی ملکوں سے 22.3 فیصد اور یورپی، شمالی و جنوبی امریکہ و آسٹریلیا سے آنے والے حجاج کرام کی تعداد 3.2 فیصد تھی،مملکت سے باہر سے آنے والے عازمین حج میں سے 15 لاکھ 46 ہزار345 ایئرپورٹس کے ذریعے پہنچے، 60 ہزار 251 حجاج کرام بری راستوں اور 4 ہزار 714 حجاج کرام بحری پورٹس سے سعودی عرب داخل ہوئے۔

جنرل اتھارٹی برائے شماریات نے 1445 ہجری کے حج سیزن کے لیے شماریاتی اعداد و شمار کے لیے انتظامی ریکارڈ کے اعداد و شمار پر انحصار کیا ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp