جعلی کار فنانسنگ اسکیم چلانے والی کمپنیوں کیخلاف کارروائی کا آغاز

پیر 17 جون 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

سیکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان (SECP) نے اتحاد آٹو سلوشنز کے نام سے ایک غیرقانونی ادارے کا نوٹس لیا ہے جو انتہائی کم مارک اپ ریٹ پر 25 فیصد یا اس سے کم کی ایڈوانس ادائیگی کے عوض کار فنانسنگ اسکیم چلا رہا ہے۔

کمپنی کا گمراہ کن دعویٰ

اتحاد آٹو سلوشنز کے اسپانسرز نے عوام کو دھوکا دینے کے لیے کمپنیز ایکٹ 2017 کے تحت ایک اور کمپنی بھی اسی نام سے رجسٹر کی ہے، یعنی اتحاد آٹو سلوشنز (پرائیویٹ) لمیٹڈ۔ اس جعلی اسکیم کو ایک ویب سائٹ کے ذریعے پروموٹ کیا جا رہا ہے۔ کمپنی یہ یہ جھوٹا دعویٰ بھی کر رہی ہے کہ اتحاد آٹو سلوشنز (پرائیویٹ) لمیٹڈ ایک غیر بینکنگ فنانس کمپنی (NBFC) ہے جو SECP کے ساتھ رجسٹرڈ ہے۔

ایس ای سی پی کا انتباہ

ایس ای سی پی عوام کو خبردار کیا ہے کہ وہ میسرز اتحاد آٹو سلوشنز (پرائیویٹ) لمیٹڈ یا اتحاد آٹو سلوشنز کے ساتھ کسی قسم کا بھی لین دین نہ کریں، کیونکہ یہ ادارے نہ تو SECP کے ذریعے NBFCs کے طور پر لائسنس یافتہ ہیں اور نہ ہی انہیں کار فنانسنگ کی پیشکش کرنے کی اجازت ہے۔

جعلی کمپنیوں کیخلاف کارروائی کا آغاز

ایس ای سی پی نے پہلے ہی میسرز اتحاد آٹو سلوشنز (پرائیویٹ) لمیٹڈ اور اتحاد آٹو سلوشنز کے خلاف کارروائی شروع کر دی ہے، جس میں ان کے آپریشنز کو بند کرنا اور معاملہ کو متعلقہ قانون نافذ کرنے والے اداروں کو بھیجنا شامل ہے۔

ایس ای سی پی نے عوام الناس کو متنبہ کیا ہے کہ مذکورہ کمپنی کا ’سرٹیفکیٹ آف کارپوریشن‘ محض SECP کے ساتھ اس کی رجسٹریشن کی تصدیق کرتا ہے، جبکہ یہ  سرٹیفکیٹ کمپنی کو ڈپازٹ اکٹھا کرنے یا سرمایہ کاری کی اسکیمیں شروع کرنے کی اجازت نہیں دیتا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp