حج کامیابی کے ساتھ مکمل ہوا، بہترین انتظامات پر سعودی حکومت کو مبارکباد پیش کرتا ہوں، شہزادہ سعود بن مشعل

منگل 18 جون 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

نائب امیر مکہ مکرمہ اور نائب صدر حج مرکزی کمیٹی شہزادہ سعود بن مشعل بن عبدالعزیز نے اس سال 1445ھ کے حج کے کامیابی کے ساتھ مکمل ہونے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہم اللہ کے شکر گزار ہیں کہ اس نے عازمینِ حج کو مناسک حج آسانی، اطمینان اور امن کے ساتھ ادا کرنے کی توفیق دی اور یہ سب اللہ کی مدد سے ہوا اور پھر سعودی عرب کی قیادت کی جانب سے فراہم کی جانے والی متنوع سروسز اور دیکھ بھال کی بدولت ممکن ہوا۔

منگل کو مشعر منیٰ میں واقع امارت کے دفتر سے جاری بیان میں شہزادہ سعود نے کہا کہ حج کی کامیابی کے ساتھ تکمیل مختلف متعلقہ اداروں کے اجتماعی اور مشترکہ کام کا نتیجہ ہے۔

انہوں نے مزید کہاکہ اللہ کا شکر ادا کرتا ہوں کہ اس نے ہمیں عازمینِ حج کی خدمت کرنے اور انہیں آسانی کے ساتھ فریضہ حج ادا کرنے کی توفیق دی۔

انہوں نے سعودی قیادت کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہاکہ ’میں شاہ سلمان بن عبدالعزیز، اور ولی عہد، وزیر اعظم، شہزادہ محمد بن سلمان کو ان کی مستقل نگرانی، ہدایات پر مبارکباد اور تہنیت پیش کرتا ہوں‘۔

انہوں نے وزیر داخلہ اور حج اعلیٰ کمیٹی کے صدر، شہزادہ عبدالعزیز بن سعود بن نائف کا بھی شکریہ ادا کیا کہ ان کی معاونت اور نگرانی اور حج کے حفاظتی منصوبوں کی منظوری کی بدولت یہ کامیابی ممکن ہوئی۔

انہوں نے خاص طور پر خادم الحرمین شریفین کے مشیر اور مکہ مکرمہ کے امیر، شہزادہ خالد الفیصل، کا بھی شکریہ ادا کیا کہ انہوں نے حج سے متعلق تمام امور کی نگرانی کی۔

شہزادہ سعود نے اس بات کا اعادہ کیا کہ اگلے سال کے حج کی تیاری اور منصوبہ بندی فوراً شروع ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ جو کامیابیاں حاصل ہوئیں وہ ایک نئے مرحلے کا آغاز ہیں، جو عازمینِ حج کی بہتر خدمت کے لیے بڑے مقاصد حاصل کرنے کی راہ ہموار کریں گی ۔ انہوں نے اپنے بیان کے اختتام پر عازمینِ حج اور اس سال حج میں شامل تمام کارکنان کا بھی شکریہ ادا کیا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp