پوسٹ حج آپریشن کا آغاز کردیا گیا، چوہدری سالک حسین

بدھ 19 جون 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

وفاقی وزیر مذہبی امور، چوہدری سالک حسین نے کہا ہے کہ پوسٹ حج آپریشن کا آغاز کردیا گیا ہے۔

پاکستان حج مشن مکہ مکرمہ میں سعودی مکتب رحلات و منافع کے نمائندوں کے ساتھ مشاورتی اجلاس کے دوران گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ شدید گرم موسم کے باوجود سعودی حکومت کے حج انتظامات مثالی رہے۔

وزیر مذہبی امور نے کہا کہ امسال عالمی ہیٹ ویو کے تناظر میں سعودی اداروں نے مشاعر مقدسہ کے دنوں میں حجاج کرام کی سہولت اور حفاظت کے لیے بہترین انتظامات کیے تھے۔

وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ مشاعر مقدسہ میں درجہ حرارت کم رکھنے کے لیے جابجا پانی کے فوارے، ٹھنڈے پانی اور مشروبات کی سبیلیں فراہم کی گئیں جبکہ حجاج کی صحت کو یقینی بنانے کے لیے موبائل ہیلتھ یونٹ اور ڈسپنسریاں قائم کی گئی تھیں۔

وزیر مذہبی امور چوہدری سالک حسین نے منیٰ، مزدلفہ اور عرفات میں پاکستانی معاونینِ حج کے موجود نہ ہونے کی خبروں پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ معاونین مخصوص چوراہوں پر موجود تھے لیکن رش زیادہ بڑھنے کی صورت میں انہیں وہاں سے ہٹنا پڑا۔

‘تاہم، رش نارمل ہوتے ہی مشاعر کے راستوں میں پاکستانی معاونین دوبارہ رہنمائی کے لیے موجود تھے، خادم حرمین شریفین کی خصوصی توجہ اور شفقت کے باعث ایام حج بخیر و عافیت اختتام پذیر ہوئے اور سخت موسم کے باوجود کوئی ناخوشگوار واقعہ پیش نہیں آیا۔’

اجلاس میں عازمینِ حج کی مشاعر مقدسہ میں ٹرانسپورٹ کے رش، راستہ بھولنے کے احتمال اور موسم کی شدت سے نبرد آزما کرنے کے حوالے سے جامع تربیت کی اہمیت کو اجاگر کیا گیا۔ نیز، حج کے موقع پر بعض عناصر کی جانب سے سوشل میڈیا پر زیر گردش فیک نیوز کو مکمل رد کیا گیا۔

اجلاس میں سعودی مکاتب کے ساتھ پوسٹ حج آپریشن کے حوالے سے حجاج کرام کے سامان کی ترسیل، وطن واپسی اور دیگر امور پر آئندہ لائحہ عمل طے کیا گیا۔

اجلاس میں سیکرٹری مذہبی امور ذوالفقار حیدر، ڈی جی حج عبدالوہاب سومرو، سینئر جوائنٹ سیکرٹری ڈاکٹر مرزا علی محسود، ڈائریکٹر حج میڈیکل مشن بریگیڈئر جمیل لاکھیر، ڈائریکٹر اے اینڈ ٹی اصغر یوسفزئی، جوائنٹ سیکرٹری سجاد یلدرم، جوائنٹ سیکرٹری احمد ندیم خان، ڈی جی سید مشاہد حسین خالد، ڈائریکٹر مکہ فہیم خان آفریدی و دیگر اعلیٰ افسران موجود تھے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp