پشاور کے لیڈی ریڈنگ اسپتال (ایل آر ایچ) اور خیبر ٹیچنگ اسپتال میں عید کی چھٹیوں کے دوران ہزاروں مریضوں کا علاج ہوا، جانوروں کی ٹکر، چھری سے زخمی ہونے اور بسیار خوری کے ہزاروں مریض اسپتال پہنچے جن کا علاج کیا گیا۔
ترجمان محمد عاصم ایل آر ایچ کے مطابق تین دنوں میں 1000 سے زائد مریضوں کو پیٹھ کی بیماریوں کی شکایت، جانوروں کی ٹکراور چھری سے تقریباً 300 سے زائد زخمیوں کو اسپتال لایا گیا۔ روڈ ٹریفک آکسیڈنٹ کے 200 سے زائد زخمیوں کا بھی علاج کیا گیا۔
مزید پڑھیں
ترجمان کے مطابق عید کی چھٹیوں میں 100 سے زائد مریضوں کے مفت ڈائیلاسز کیے گئے۔ تقریباً 50 سی سیکشن جبکہ 100 سے زائد بچوں کی پیدائش ہوئی۔ گائنی اور بچوں کی ایمرجنسی میں بھی ہزاروں مریضوں کی آمد ہوئی، 100 سے زائد دیگر چھوٹے بڑے آپریشن بھی کیے گئے۔
ترجمان نے بتایا کہ اسپتال انتظامیہ کی جانب سے ڈاکٹروں، نرسوں، پیرامیڈیکل اسٹاف کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں، جو عید کی چھٹیوں میں بھی انتظامی افسران 24 گھنٹے موجود رہے اور کسی مریض نے شکوہ نہیں کیا۔
خیبر ٹیچنگ اسپتال کی صورتحال
ترجمان خیبر ٹیچنگ اسپتال سجاد خان کے مطابق عید الاضحی تعطیلات کے دوران عید الاضحی کی 3 دنوں کی تعطیلات کے دوران خیبر ٹیچنگ اسپتال میں تقریباً 2000 مریضوں کو ایمرجنسی میں لایا گیا۔
انہوں نے کہا کہ 3 دنوں میں تقریباً 1400 مریضوں کو بسیار خوری کی وجہ سے لایا گیا۔ عید الاضحی کی تعطیلات میں 353 چھری چاقو وغیرہ سے زخمی مریضوں کو علاج معالجہ فراہم کیا گیا۔ روڈ ٹریفک حادثات کے 128 زخمی خیبر ٹیچنگ اسپتال کے ایمرجنسی وارڈ میں لائے گئے۔
ترجمان نے کہا کہ 5 زخمی گولی لگنے کی وجہ سے اسپتال لائے گئے۔ اسپتال انتظامیہ نے تعطیلات سے قبل تمام تر انتظامات مکمل کر لیے تھے۔ تعطیلات کے دوران ایمرجنسی ڈیوٹی پر ڈاکٹرز، نرسز، پیرامیڈیکل اسٹاف اور انتظامیہ کی ٹیم موجود رہی۔ تمام مریضوں کو طبی سہولیات فراہم کی گئیں، بعض معمولی زخمی اور بیمار افراد کو علاج کے بعد گھروں کو بھیجا گیا۔
ان کے مطابق 3 دنوں کی تعطیلات کے دوران تقریباً 128 مریضوں کو مختلف وارڈوں میں داخل کیا گیا۔ اسپتال ڈائریکٹر اور میڈیکل ڈائریکٹر نے تمام عملے کو تعطیلات کے دوران بہترین طبی سہولیات فراہم کرنے پر خراج تحسین پیش کیا۔
حیات آباد میڈیکل کمپلیکس کی صورتحال
ترجمان کے مطابق عیدالاضحیٰ کے 3 دنوں کے دوران حیات آباد میڈیکل کمپلیکس میں کل 5219 مریض اسپتال لائے گئے، جن میں بسیار خوری کے 548 جبکہ روڈ ٹریفک حادثات کے باعث 80 مریض زیر علاج رہے۔ گولی لگنے سے زخمیوں کی تعداد 6 رہی اور ٹرامہ کے 91مریض بروقت طبی سہولیات کی فراہمی سے مستفید ہوئے۔
علاوہ ازیں 289 مریضوں کو ای سی جی کی سہولت دستیاب رہی۔ اسپتال کے مختلف شعبہ جات سے کل 264 مریضوں کے آپریشن کیے گئے۔ اسپتال انتظامیہ عید کی چھٹیوں کے دوران آن ڈیوٹی ٹیم سے وقتاً فوقتاً تمام معلومات حاصل کرتی رہی۔ اسپتال انتظامیہ کی ہدایت پر ایمرجنسی بنیادوں پر ڈاکٹرز، پیرامیڈکس، نرسیس اور کلاس فور اسٹاف کی موجودگی اور ادویات کی بلا تعطیل فراہمی کو یقینی بنایا گیا۔