کیا آپ کے لنچ باکس میں سے بھی کھانوں کی تیز بو آتی ہے؟ کیا آپ جانتے ہیں کہ لنچ باکس ہمارے مختلف کھانوں کی بو کو جذب کر لیتا ہےاور اگرلنچ باکس کو صحیح طریقے سے صاف نہ کیا جائے تو یہ ناگوار بو کی شکل بھی اختیار کر سکتی ہے۔
گرم مصالحہ ہو، ہلدی ہو یا چاٹ مصالحہ ہو یہ اور ان جیسے بہت سے دوسرے مصالحہ جات کا استعمال پاکستان کے روایتی کھانوں کی ترکیبوں میں کیا جاتا ہے۔ مخلتف اقسام کے مصالحہ جات کھانوں کے ذائقے کو بڑھانے میں مدد دیتے ہیں لیکن ان مصالحوں کے استعمال کا ایک منفی پہلو یہ ہے کہ ان کی بو ان برتنوں میں بھی رہ جاتی ہے جن میں مصالحوں والے کھانے ڈالے جاتے ہیں۔

اسی لیے مخلتف اقسام کے مصالحہ جات سے تیار شدہ کھانوں کو جب لنچ باکس میں ڈالا جاتا ہے تو لنچ باکس ان کی بو کو جذب کر لیتے ہیں، صحیح طریقے سے صاف نہ کرنے سے یہ بو ناگوار بو بن جاتی ہے۔
لنچ باکس کا استعمال سکول جانے والے بچوں سے لے کر دفتر جانے والے افراد تک تقریباً ہر کوئی کرتا ہے۔
اسی لئے ممکن ہے کہ لنچ باکس استعمال کرنے والے افراد کو اس مسئلے کا سامنا کرنا پڑتا ہو۔ پریشان ہونے کی ضرورت نہیں، اس مسئلے کا حل موجود ہے۔
درج ذیل 5 آسان تجاویز آپ کے لنچ باکس سے بو ختم کرنے میں مدد گار ثابت ہو سکتی ہیں۔
1۔بیکنگ سوڈا

بدبو سے چھٹکارا پانے کے لئے بیکنگ سوڈا بہت ہی موثر ہے۔ آپ کو بس یہ کرنا ہے کہ ایک چمچ بیکنگ سوڈا پانی میں ملا کر گاڑھا پیسٹ بنا لینا ہے۔ اس پیسٹ کو لنچ باکس پر لگانا ہے اور ایک سے دو گھنٹے کے لئے چھوڑ دینا ہے۔ پھر گرم پانی سے لنچ باکس دھو لیں اور بس بدبو ختم۔
2۔کچے آلو

کیا آپ جانتے ہیں کہ آپ اپنے لنچ باکس میں سے آنے والی تیز بو کو ختم کرنے کے لیے آلو کا استعمال بھی کرسکتے ہیں؟
آلو کے ٹکڑوں کو نمک کے ساتھ کوٹ لیں اور اسے لنچ باکس کی اندرونی سطح پر لگا لیں اور آہستہ سے رگڑیں۔
15سے20منٹ کے لیے ان آلوؤں کو لنچ باکس میں رکھ دیں اور پھر لنچ باکس دھو لیں۔
3۔سفید سرکہ

سفید سرکہ میں اسیٹک ایسڈ موجود ہوتا ہے،جو بیکٹیریا کومار کر مصالحوں کی خوشبو کو ختم کرنے میں مدد کرتا ہے۔
لنچ باکس میں سرکہ اور پانی برابر مقدار میں ڈال کر چند گھنٹوں کے لیے چھوڑ دیں۔ تھوڑی دیر بعد اسے پانی سے دھو لیں۔ لنچ باکس میں سے بو بالکل ختم ہو جائے گی۔
4۔لیموں کے چھلکے

لیموں کے چھلکوں میں موجود سٹرک ایسڈ ایک موثر کلینر کے طور پر کام کرتا ہے اور لنچ باکس سے آنے والی تیز بو کو ختم کرنے میں مدد گار ثابت ہو سکتا ہے۔
تازہ لیموں کے چھلکوں کو اُبال کر لنچ باکس میں ڈال لیں اور 20سے30منٹ بعد دھو لیں۔
5۔دار چینی

تیز بدبو سے چٹھکارا حاصل کرنے کا ایک اور بہترین طریقہ دار چینی کا استعمال ہے۔ دار چینی اینٹی بیکٹیریل خصوصیات کی حامل ہوتی ہے جو لنچ باکس کی بو کو کم کر سکتی ہیں۔
لنچ باکس اور دار چینی کی ایک اسٹک پانی میں ڈال کر 5 منٹ تک اُبال لیں۔ پانی ٹھنڈا ہونے کے بعد گرم پانی سے لنچ باکس کو دوبارہ دھو لیں۔
















