کوئٹہ کے نواحی علاقے میں ایک پکنک پوائنٹ سے کسٹم اہلکار سمیت 10 افراد اغوا کرلیے گئے۔
مزید پڑھیں
ذرائع کے مطابق عید کے تیسرے روز زرغون سے متصل شعبان کے علاقے میں مسلح افراد کی ایک بڑی تعداد نے پکنک پوائنٹ کو گھیرے میں لے کر وہاں موجود لوگوں کے شناختی کارڈ چیک کیے۔
عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ شناختی کارڈ 14 افراد کے چیک کیے گئے جن میں سے 4 کو جانے دیا گیا جبکہ 10 افراد کو مسلح افراد اپنے ہمراہ لے گئے۔ بتایا جاتا ہے کہ لے جائے جانے والے 10 افراد کا تعلق صوبہ پنجاب سے تھا۔
حکام نے تاحال اس حوالے سے کوئی تفصیلات فراہم نہیں کی ہے۔
خیال رہے گزشتہ سال بھی زرغون سے مسلح افراد شناخت کے بعد پنجاب سے تعلق رکھنے والے افراد کو اپنے ہمراہ لے گئے تھے۔
یاد رہے کہ مئی 2024 میں بلوچستان کے ساحلی شہر گوادر میں نامعلوم مسلح افراد نے 7 افراد کو فائرنگ کرکے قتل کردیا تھا۔ پیشے کے اعتبار سے ہلاک شدگان حجام تھے اور ان کا تعلق پنجاب کے ضلع خانیوال سے تھا۔
گزشتہ برس اکتوبرمیں کیچ کے ضلعی ہیڈکوارٹر تربت کے علاقے ناصر آباد میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے ایک پولیس اہلکار سمیت 4 مزدور ہلاک ہوگئے تھے۔ مزدوروں کا تعلق مظفر گڑھ سے تھا۔