تحریک انصاف کا لاہور میں احتجاج، پنجاب پولیس کے بدستور چھاپے

جمعہ 21 جون 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے آج جمعہ کے روز مینڈیٹ چوری کے خلاف احتجاج کی کال دے رکھی ہے، اس سلسلے میں لاہور پولیس نے پی ٹی آئی ارکان اسمبلی کے گھر اور دفاتر پر کریک ڈاون شروع کردیا ہے، مختلف رہنماؤں کے گھروں پر بھی چھاپے مارے جارہے ہیں۔

پولیس نے سیکرٹری جنرل تحریک انصاف لاہور حافظ ذیشان رشید، ایم پی اے  میاں ہارون، شیخ امتیاز، ٹکٹ ہولڈر عثمان حمزہ، حماد اعوان اور میاں اسلم اقبال کے بھائی افضل اقبال کے گھروں پر چھاپے مارے۔ پولیس گرفتاری کے ڈر سے اپوزیشن ارکان کی بڑی تعداد اسمبلی بھی نہ پہنچ سکی۔

تاہم تحریک انصاف کی جانب سے فیصلہ کیا گیا ہے کہ کارکنوں کے گھروں پر پولیس کے چھاپوں کے خلاف عدالت جائیں گے، سیکرٹری جنرل تحریک انصاف لاہور حافظ ذیشان رشید نے کہا کہ پولیس رات بھر کارکنان اور ٹکٹ ہولڈرز کے گھروں پر چھاپے مارتی رہی، پر امن احتجاج کی کال پر حکومت خوفزدہ ہوگئی ہے۔

حافظ ذیشان رشید نے کہا کہ انتخابی دھاندلی اور بانی چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی رہائی کے حق میں احتجاجی کال واپس نہیں لی، تحریک انصاف کو دبانے کی ہرکوشش پہلے بھی ناکام رہی ہے اور اب بھی رہے گی۔

واضح رہے پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے مینڈیٹ چوری اور بانی چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کی رہائی کے حق میں آج جمعہ کے روز ملک بھر میں احتجاج کی کال دے رکھی ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp