’سرمایہ کاری کے لیے سیکیورٹی صورتحال کو بہتر بنانا ہوگا‘، چینی وزیر لیو جیان چاؤ کا اہم بیان

جمعہ 21 جون 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

نائب وزیر اعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے کہا کہ چینی وزیر کا دورہ باہمی اعتماد میں اضافے کا باعث ہے، دوسری جانب چینی وزیر لیو جیان چاؤ نے کہا کہ چینی قیادت دونوں ملکوں کی دوستی کو اہمیت دیتی ہے، پاکستان اور چین ترقی کی نئی راہوں پر گامزن ہیں اس کو برقرار رکھنے کے لیے اندرونی سیکیورٹی کی صورتحال کو بہتر بنانا ہوگا۔

 دونوں رہنماؤں نے اسلام آباد میں سی پیک سے متعلق منعقدہ پاک چین مشاورتی میکنزم اجلاس میں شرکت کی اور خطاب کیا۔ وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے کہا کہ چینی وفد کا دورہ پاکستان دونوں ملکوں میں اعلیٰ سطح کے روابط کا حصہ ہے، چینی وزیر کا دورہ باہمی اعتماد میں اضافے کا باعث ہے۔ سی پیک دونوں ملکوں کے درمیان  تعاون کا نیا ویژن ہے۔

سی پیک  دوطرفہ تعلقات کا اہم ستون ہے، نائب وزیراعظم اسحاق ڈار

نائب وزیر اعظم اسحاق ڈار نے کہا کہ سی پیک سے سماجی اور پائیدار ترقی اور علاقائی تعاون کو فروغ ملا ہے، سی پیک پر پاکستان میں تمام سیاسی جماعتیں ایک پیج پر ہیں، سی پیک پاکستان کی ترقی کا اہم منصوبہ ہے۔

اسحاق ڈار نے کہا کہ بیلٹ اینڈ روڈ کے تحت پہلا منصوبہ سی پیک کی شکل میں پاکستان سے شروع کیا گیا، سی پیک کے ذریعے پاکستان میں توانائی سمیت مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کی گئی، سی پیک سے پاکستان میں  ترقی اور روزگار کے مواقع پیدا ہوئے۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف کا دورہ چین انتہائی کامیاب رہا، دورہ چین میں مختلف معاہدوں پر دستخط ہوئے۔

پاکستان اور چین ترقی کی نئی راہوں پر گامزن ہیں، چینی وزیر لیو جیان چاؤ

چینی وزیر لیو جیان چاؤ نے کہا کہ چینی قیادت دونوں ملکوں کی دوستی کو اہمیت دیتی ہے، کچھ روز پہلے وزیراعظم شہباز شریف نے چین کا کامیاب دورہ کیا، چینی قیادت دونوں ملکوں کی دوستی کو انتہائی اہمیت دیتی ہے۔

چینی وزیر نے کہا کہ دونوں ملکوں کے درمیان تعاون کو نئی جہتوں تک پہنچانے کے خواہاں ہیں، پاکستان اور چین کی ترقی کی پالیسی دونوں ملکوں کے لیے سودمند ہوگی۔

لیو جیان چاؤ نے کہا کہ پاکستان اور چین کے درمیان معاہدوں سے ترقی کے نئے مواقع پیدا ہوں گے، پاکستان اور چین ترقی کی نئی راہوں پر گامزن ہیں، دونوں ملکوں کے اداروں اور سیاسی جماعتوں کو مل کر چلنا ہے، ترقی کے اہداف کے لیے سیاسی استحکام ضروری ہے۔

چینی وزیر کا کہنا تھا کہ پاکستان چین دوستی کی بنیاد عوامی حمایت کے مرہون منت ہے، وزیراعظم شہباز شریف اور چینی قیادت کے درمیان سی پیک اپ گریڈیشن پر اتفاق ہوا ہے، سرمایہ کاری کے لیے سیکیورٹی صورتحال کو بہتر بنانا ہوگا۔

’بہتر سیکیورٹی سے تاجر پاکستان میں سرمایہ کاری کریں گے‘

چینی وزیر نے کہا کہ سی پیک دونوں ملکوں کے عوام کے لیے بہتر زندگی اور خوشحالی کی امید ہے، نئے منصوبوں کے لیے نئے عزم کی ضرورت ہے، سرمایہ کاری کے لیے سیکیورٹی صورتحال کو بہتر بنانا ہوگا۔ ترقی کے لیے اندرونی استحکام ہونا بہت ضروری ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp