سابق وزیراعظم آزاد کشمیر کا ایف سی کی تعیناتی پر ایوان میں بحث کرنے کا مطالبہ

پیر 24 جون 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

سابق وزیراعظم آزاد کشمیر عبدالقیوم نیازی نے آزاد کشمیر میں ایف سی کی تعیناتی پر ایوان میں بحث کرنے کا مطالبہ کردیا۔

آزاد کشمیر اسمبلی کے جاری اجلاس میں تحریک انصاف سے وابستہ سابق وزیر اعظم آزاد کشمیرعبدالقیوم نیازی نے اپنے توجہ دلاؤ نوٹس میں کہا ہے کہ آزاد کشمیر میں امن امان کی کوئی صورت حال درپیش نہیں پھر وزیراعظم انوار الحق کو کیا خدشات لاحق ہیں۔

’آزاد کشمیر میں  ایف سی کیوں بار بار بلاتے ہیں، اس سے پہلے بھی ایف سی اور رینجرز کی تعیناتی کی وجہ سے حالات کشیدہ ہوئے تھے، پہلی بھی ایف سی اور رینجرز کی تعیناتی آزاد کشمیر اور پاکستان کے عوام کے درمیان خلیج پید کرنے کی نا کام کوشش تھی ۔‘

اپنے توجہ دلاؤ نوٹس میں عبدالقیوم نیازی کا موقف تھا کہ ایف سی اور رینجرز کی تعیناتی سے حالات خراب ہوں گے، آزاد کشمیر میں گزشتہ ماہ ایف سی اور رینجرز تعیناتی سے ناخوشگوار واقعات پیش آئے تھے۔

قیوم نیازی کے مطابق حکومت کی جانب سے ایک بار پھر ایسی غلطی کے سنگین نتائج مرتب ہوسکتے ہیں، انہوں نے کہاکہ ایف سی کی تعیناتی انتہائی اہم مسئلہ ہے، جسے ایوان میں زیر بحث لایا جائے۔

واضح رہے کہ آزاد کشمیر کے پاور پروجیکٹس پر ایف سی اہلکاروں کی تعیناتی کی منظوری گزشتہ روز وزیر داخلہ محسن نقوی نے دی تھی، سیکیورٹی صورتحال کے پیش نظر ایف سی تعیناتی کی درخواست آزاد کشمیر کے وزیراعظم انوار الحق نے وزیر داخلہ سے ملاقات میں کی تھی۔

وزیر داخلہ محسن نقوی کا کہنا تھا کہ آزاد کشمیر میں قیام امن کے لیے ہر ممکن تعاون کریں گے اور یہاں سیکیورٹی سے متعلق انتظامات کو مزید بہتر بنایا جائے گا۔

واضح رہے کہ آزادکشمیر میں ایف سی کی تعیناتی ابتدائی طور پر 3 ماہ کے لیے ہوگی، وزارت داخلہ کے مطابق آزادکشمیر حکومت نے پولیس کی معاونت کے لیے ایف سی تعیناتی کی درخواست کی تھی، جس کے جواب میں آزاد کشمیر میں ایف سی کے 6 پلاٹونز تعینات کیےجائیں گے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp