سوناکشی سنہا اور ظہیر اقبال کے ولیمے میں کن بالی ووڈ اسٹارز نے شرکت کی؟

پیر 24 جون 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

معروف بھارتی اداکارہ سوناکشی سنہا اپنے پرانے دوست اور ساتھی اداکار ظہیر اقبال کے ساتھ شادی کے بندھن میں بندھ گئی ہیں۔ سوناکشی سنہا اور ظہیر اقبال کی شادی کی تقریب میں اداکارہ ہما قریشی اور ان کے بھائی کے علاوہ کسی بھی بالی ووڈ اسٹار کو مدعو نہیں کیا گیا تھا لہٰذا اس تقریب میں چند خاص اور قریبی لوگوں نے ہی شرکت کی تھی۔

تاہم شادی کی تقریب کے بعد سوناکشی سنہا اور ظہیر اقبال نے ممبئی میں اپنے ولیمے کی تقریب کا انعقاد کیا جس میں بالی ووڈ سپر اسٹارز نے شرکت کرکے تقریب کو چار چاند لگا دیے۔

سوناکشی اور ظہیر اقبال کی شادی میں اداکارہ ریکھا، روینہ ٹنڈن، ودیا بالن، ادیتی راؤ حیدری، تبو، سائرہ بانو، یویو ہنی سنگھ، ہما قریشی، کاجول، سلمان خان، ارباز خان سمیت دیگر اسٹارز نے خصوصی شرکت کی۔

اداکارہ نے اپنے ولیمے پر لال رنگ کی بنارسی کی ساڑھی زیب تن کی تھی جبکہ ان کے شوہر ظہیر اقبال نے سفید رنگ کے لباس کا انتخاب کیا۔

اداکارہ سوناکشی سنہا نے شادی کے بعد پہلی تصویر پوسٹ کرتے ہوئے انکشاف کیا کہ انہوں نے شادی کے لیے 23 جون کا ہی انتخاب کیوں کیا۔

سوناکشی کے مطابق ان کی محبت کا آغاز 7 سال قبل اسی دن سے ہوا تھا، جب ان دونوں کو پہلی نظر میں ہی ایک دوسرے سے محبت ہوگئی تھی اور اسی دن دونوں نے زندگی بھر ساتھ رہنے کا فیصلہ کیا تھا۔

سوناکشی کے والد اور بالی وڈ اداکار و سیاستدان شتروگن سنہا نے شادی کے موقعے پر کہا کہ ہر باپ اس لمحے کا انتظار کرتا ہے جب وہ اپنی بیٹی اس شخص کو سونپ دیتا ہے جسے وہ منتخب کرتی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ میری بیٹی ظہیر کے ساتھ سب سے زیادہ خوش رہتی ہے، میری دعا ہے کہ ان کی جوڑی سلامت رہے۔

بھارتی میڈیا میں چہ مگوئیاں کی جارہی تھیں کہ سوناکشی سنہا اسلام قبول کرسکتی ہیں جس پر اداکار ظہیر اقبال کے والد نے بیان دیا کہ اداکارہ مسلمان نہیں ہوں گی دونوں نے اسپیشل میریج ایکٹ کے تحت شادی کی ہے اور یہ قانونی ہے۔ اس میں کسی بھی مذہب کا کوئی عمل دخل نہیں یہ دو دلوں کا میلاپ ہے۔

واضح رہے کہ بھارت میں دو مختلف مذاہب سے تعلق رکھنے والے افراد کی شادی کے لیے اسپیشل میریج ایکٹ موجود ہے جس کے تحت سیف علی خان اور کرینہ کپور سمیت دیگر مسلمان اور ہندو اداکاروں کی شادیاں بھی ہوچکی ہیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp