وفاقی کابینہ نے نیشنل ایکشن پلان کے حوالے سے ایپکس کمیٹی کی سفارشات کی توثیق کرتے ہوئے آپریشن عزم استحکام کی منظوری دیدی ہے۔
مزید پڑھیں
وزیر اعظم شہباز شریف کی زیر صدارت وزیر اعظم ہاﺅس میں وفاقی کابینہ کے اجلاس میں 11 نکاتی ایجنڈا زیر بحث لایا گیا جس کے دوران کابینہ نے نیشنل ایکشن پلان سے متعلق نہ صرف ایپکس کمیٹی کے فیصلوں کی توثیق کردی ہے بلکہ آپریشن عزم استحکام کی بھی منظوری دے دی ہے۔
اجلاس میں مجوزہ آپریشن عزم استحکام سے متعلق وزیراعظم شہباز شریف نے کابینہ اراکین کو اعتماد میں لیتے ہوئے بتایا کہ ’عزم استحکام‘ ماضی کے آپریشن سے مختلف ہوگا، جس کے دوران عوام کو کسی قسم کی پریشانی کا سامنا نہیں کرنا پڑے گا اور نہ ہی شہریوں کے گھروں پر کسی قسم کی کارروائی کی جائے گی بلکہ شرپسند عناصر کیخلاف انٹیلی جنس اطلاعات کی بنیاد پر کارروائی کی جائے گی۔
وفاقی کابینہ نے مالی سال 2022-23 کی قومی اقتصادی کونسل کی سالانہ رپورٹ پر بھی غور و خوض کے بعد اقتصادی رابطہ کونسل، کیبنٹ کمیٹی آن لیجیسلیٹیو کیسز اور کابینہ کمیٹی برائے حکومتی ملکیتی اداروں کے فیصلوں کی بھی توثیق کردی ہے۔
اجلاس میں عالمی ادارہ خوراک کی اسپیئر پارٹس کی شپمنٹ افغانستان بھجوانے کے لیے این او سی کی منظوری سمیت پیر روشن انسٹیٹیوٹ آف پروگریسو سائنسز اینڈ ٹیکنالوجیز کے پہلے ریکٹر کے تقرر کی منظوری بھی دی گئی ہے۔