پنجاب کابینہ نے اپنی چھت اپنا گھر پروگرام کی منظوری دیدی

منگل 25 جون 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا ہے کہ سیاسی نہیں عوامی مفادات کو مد نظر رکھ کر فیصلے کرتی ہوں اور جب آپ عوامی اور ملکی مفاد کو سامنے رکھ کر فیصلے کرتے ہیں تو اللہ تعالیٰ اس میں برکت ڈالتا ہے۔

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی زیرصدارت صوبائی کابینہ کا 10 واں اجلاس ہوا جس میں 56 نکاتی ایجنڈے پر غور کیا گیا۔

اجلاس میں اپنی چھت اپنا گھر پروگرام کی کابینہ نے منظوری دے دی گئی جسے 14 اگست کو لانچ کیا جائے گا۔

اجلاس میں دور دراز علاقوں میں ڈاکٹروں کی عارضی بنیادوں پر فوری تقرری کی منظوری دی گئی، جبکہ اس کے علاوہ ڈاکٹرز کے لیے الاؤنس بڑھانے کی منظوری بھی دی گئی۔

کابینہ نے وزیراعلیٰ پنجاب کسان کارڈ کی منظوری دی، جبکہ پنجاب سکھ آنند کراج میرج رجسٹرار رولز 2024 اور پنجاب سکھ آنند کراج میرج رولز 2024کی منظوری بھی دی گئی۔

اس موقع پر وزیر اقلیتی امور رمیش شنگھ اروڑا نے کہاکہ پنجاب دنیا بھر میں سکھ میرج ایکٹ نافذ کرنے والا پہلا صوبہ بن گیا، انڈیا میں بھی سکھوں کو ہندو ایکٹ کے تحت شادی رجسٹرڈ کرانا پڑتی ہے۔

اس موقع پر اجلاس کو بریفنگ دی گئی کہ چند ماہ میں ہندو میرج ایکٹ بھی منظوری کے لیے پیش کردیا جائے گا۔

اجلاس میں بنیادی مراکز صحت، دیہی مراکز صحت اور بعض تحصیل ہیڈ کوارٹرز اسپتالوں پر ڈاکٹرز کے الاؤنس میں اضافے کی منظوری دی گئی، جبکہ ٹی بی اسپتال سرگودھا، جوبلی فی میل اسپتال بہاولپور اور مزنگ اسپتال لاہور کا انتظام منتقل کرنے کی ہدایت کی گئی۔

اجلاس میں 8 ممالک کے اوورسیز پاکستانیوں کوجائیداد کی منتقلی اور دیگر ریونیو سروسز کے لیے رجسٹریشن ایکٹ 1908 میں ترامیم کی منظوری دی گئی۔

موٹر سائیکل فٹنس سرٹیفکیٹ کے طریقہ کار کو آسان بنانے کی ہدایت

صوبائی کابینہ نے چنگ چی او ررکشے کو بتدریج متبادل ماحول دوست ٹرانسپورٹ پر منتقل کرنے پر اتفاق کیا، جبکہ اسموگ کے خاتمے کی خاطر موٹرسائیکل کے لیے فٹنس سرٹیفکیٹ کے حصول پر اتفاق کیا گیا۔

وزیراعلیٰ مریم نوازشریف نے موٹر سائیکل فٹنس سرٹیفکیٹ کے طریقہ کار کو آسان بنانے کی ہدایت کی۔

اجلاس میں یتیم طلبہ کو الیکٹرک بائیک دینے کے لیے طریقہ کار کی منظوری دی گئی۔ مریم نواز نے ہدایت کی کہ یتیم طلبا و طالبات کو الیکٹرک بائیک دینے کے لیے پراسیس جلد مکمل کیا جائے۔

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ ریٹائرمنٹ کے بعد ملازمین کے سرکاری گھر کی الاٹمنٹ میں توسیع نہیں کی جائے گی، وزیراعلیٰ اور کابینہ نے الاٹمنٹ میں توسیع کے اختیارات سرنڈر کردیے۔

صوبائی کابینہ کے اجلاس میں پہلی مرتبہ ڈائریکٹر پبلک انسٹرکشنز، سی ای او، ڈی ای او اور ڈی ڈی ای او کی تعیناتی کے شفاف طریقہ کار کی منظوری دی گئی۔

اجلاس کو بریفنگ دی گئی کہ محکمہ ہائیر ایجوکیشن اور اسکول ایجوکیشن میں انتظامی افسروں کی تعیناتی کے لیے آئی ٹی اسکریننگ ٹیسٹ پاس کرنا ہوگا۔

بریفنگ میں کہا گیا کہ تحریری امتحان اور انٹرویو کے بعد امیدوار کو نفسیاتی ٹیسٹ بھی پاس کرنا ہوگا۔ جبکہ ایجوکیشن کے انتظامی افسروں کو سلیکشن کے بعد لمز سے ٹریننگ کرائی جائے گی۔

لائبریرینز کو ماسٹر ڈگری حاصل کرنے پر گریڈ 17 دینے کی منظوری

اجلاس میں پنجاب میں تمام محکموں کے لائبریرین (BS-16) کو ماسٹر ڈگری حاصل کرنے پر (BS-17) دینے کی منظوری دی گئی۔

اجلاس میں جلالپور ایریگیشن پراجیکٹ میں ریلوے کراسنگز کی تعمیر کے لیے پاکستان ریلوے کے ساتھ مفاہمتی یادداشت پر دستخط کی منظوری دی گئی۔

صوبائی کابینہ نے مون سون کے دوران اوسط سے زیادہ بارشوں کی پیش گوئی کے تناظر میں اقدامات کا جائزہ لیا۔

اجلاس نے گوشت اور دودھ کی پیداوار بڑھانے کے لیے ایگزوٹک ایمبریو کی درآمد اور ایمبریو کی مقامی پیداوار کوبریڈنگ سروسز میں شامل کرنے کی منظوری دی۔ جبکہ پنجاب اینیمل ہیلتھ (آئیڈنٹی فیکیشن اینڈ ٹریس ایبلٹی) ریگولیشنز 2024 کی منظوری دی گئی۔

اجلاس میں یونیورسٹی آف ویٹرنری اینڈ اینیمل سائنسز لاہور اور یونیورسٹی آف ویٹرنری اینڈ اینیمل سائنسز بہاولپور کے لیے وائس چانسلرز سرچ کمیٹی کی منظوری دی گئی۔

یونیورسٹی آف ویٹرنری اینڈ اینیمل سائنسز لاہور میں مزید ڈسپلن متعارف کرانے پر اتفاق

اجلاس میں یونیورسٹی آف ویٹرنری اینڈ اینیمل سائنسز لاہور میں مزید ڈسپلن متعارف کرانے پر اتفاق کیا گیا۔

اجلاس میں بہاولپور کے صادق گڑھ محل کو ’محفوظ قدیم عمارت‘ قرار دینے کی منظوری دی گئی۔

اس کے علاوہ ای پروکیور منٹ اور دیگر امور کے لیے پنجاب پروکیورمنٹ رولز میں 5 ترامیم کی منظوری دی گئی، جبکہ سب سے کم بڈ دینے والے سے مزید کمی کے لیے بات چیت بھی کی جاسکے گی۔

اجلاس میں پنجاب ڈرگز رولز 2007 میں ترامیم کی منظوری دی گئی۔

اجلاس کو بریفنگ دی گئی کہ لائسنس کے اجرا سے پہلے فارمیسی کی انسپیکشن کا اختیار حکومت کو دوبارہ حاصل ہوگا۔

اجلاس میں پیڈمک اور فیڈمک کے بورڈ آف ڈائریکٹرز میں پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ بورڈ اور دیگر کی نمائندگی کی منظوری دی گئی، جبکہ اربن یونٹ، فیڈمک، پیڈمک اور ٹیوٹا کے آڈٹ پر اتفاق کیا گیا۔

اس موقع پر وزیراعلیٰ مریم نواز نے بورڈز کی تشکیل نو کا فیصلہ کرتے ہوئے کہاکہ کسی کی سفارش قبول نہ کی جائے۔

پنجاب میں پلگ اینڈ پلے گارمنٹ سٹی کے قیام کی منظوری

اجلاس میں پنجاب میں پلگ اینڈ پلے گارمنٹ سٹی کے قیام کی منظوری دی گئی، جبکہ گارمنٹ سٹی پراجیکٹ کو سالانہ ترقیاتی پروگرام میں شامل کرنے کی منظوری بھی دی گئی۔

اجلاس میں موبائل ایپ ٹیکسی سروسز کمپنیوں اور نجی گاڑیوں کو ریگولیٹ کرنے کے لیے صوبائی موٹر وہیکل آرڈیننس 1965 میں ترمیم کی منظوری بھی دی گئی۔ جس کے مطابق ٹرانسپورٹیشن نیٹ ورک کمپنی کی ریگولیشن، مسافر کی سیفٹی کو یقینی بنایا جائے گا۔

اجلاس میں بہاولپور سے لودھراں تک اسپیڈو بسوں کے آپریشنز کے کنٹریکٹ کی مدت میں اضافے کی منظوری دی گئی۔ جبکہ راوی اربن ڈویلپمنٹ اتھارٹی (RUDA) کے چیف ایگزیکٹو آفیسر کی سروس کنٹریکٹ میں ایک سال کی توسیع کی منظوری دی گئی۔

اجلاس میں صاف پانی اتھارٹی ایکٹ 2024 کی منظوری دی گئی جس کے مطابق تمام واٹر فلٹریشن پلانٹس کی ذمہ داری ایک ہی اتھارٹی دیکھے گی۔

اجلاس میں معیاری تعلیم کی فراہمی اور پبلک اسکولوں کو جدید بنانے کے لیے پبلک اسکول ری آرگنائزیشن پروگرام (PSRP) کا جائزہ لیا گیا۔

اس موقع پر مریم نواز نے کہاکہ راجن پور، لیہ اور بھکر میں بچوں کے لیے میل پروگرام شروع کر رہے ہیں۔

اجلاس میں نویں سے 12ویں جماعت کے لیے پاکستان کے قومی نصاب 2023 (فیز-III) اور پہلی سے 12ویں جماعت کے لیے دینی تعلیم کے جدید، نظرثانی شدہ نصاب کو اپنانے کی منظوری دی گئی۔

اجلاس میں ڈسٹرکٹ شوگر کین (ڈویلپمنٹ) سیس کمیٹیوں 2022-23 کی تشکیل کی منظوری دی گئی۔

اجلاس میں پاسکو کو درآمد شدہ گندم کی واجب الادا رقم کی ایڈجسٹمنٹ ادائیگی کی منظوری دی گئی۔

وزرا اپنے محکموں میں طلبہ کی انٹرن شپ پروگرام تیار کریں، وزیراعلیٰ کی ہدایت

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز نے کہاکہ تمام وزرا اپنے محکموں میں طلبہ کی انٹرن شپ پروگرام تیار کریں۔ اور چیف منسٹر انٹرنشپ پروگرام کو تمام ڈپارٹمنٹس سے لنک کریں۔۔

اجلاس میں قائد اعظم پولیس میڈلز اور صدر پولیس میڈلز کے لیے 39 افسران کی سفارشات وفاقی حکومت کو بھیجنے کی منظوری دی گئی۔

اجلاس میں صوبائی وزرا، چیف سیکریٹری، آئی جی اور متعلقہ سیکریٹریز اور دیگر حکام نے شرکت کی۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp