نیدرلینڈ کے ایک شخص نے دنیا کی سب سے لمبی سائیکل بنا کر اپنا عمر بھر کا خواب پورا کرلیا، اس خواب کو پورا کرنے کے لیے 39سالہ ایوان شالک نے انجینئرنگ ماہرین کی ایک ٹیم کو جمع کیا، جنہوں نے دن رات محنت کرکے 180فٹ اور 11 انچ لمبی سائیکل تیار کی۔
39 سالہ ایوان شالک نے کہا کہ وہ بچپن سے ہی دنیا کی سب سے لمبی سائیکل بنانے کا خواب دیکھ رہے ہیں۔ انہوں نے گنیز ورلڈ ریکارڈز کو بتایا کہ بچپن میں گنیز ورلڈ ریکارڈ کی کتاب ملی تھی جس میں یہ ریکارڈ دیکھا تھا تو اس وقت ہی اس کے بارے میں سوچنا شروع کردیا تھا۔
ایوان شالک نے اپنی انجنیئرنگ ٹیم کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ وہ پرنسن بیک میں موجود اپنے دیگر ساتھیوں کے مشکور ہیں جنہوں نے ان کے اس خواب کو پورا کرنے میں مدد کی۔ شالک نے کہا کہ بائیک کو ڈیزائن کرنا اور بنانا ایک طویل عمل تھا جسے کورونا وائرس جیسی وبائی امراض کے دوران 2 سال تک روک دیا گیا تھا۔
انہوں نے بتایا کہ اس سائیکل میں حفاظت کو یقینی بنایا گیا ہے، کوئی بھی سائیکل سوار ڈھانچے سے باہر نہیں، بلکہ اس کے اندر ہیں۔ اس سائیکل میں ٹیم کا ایک رکن ہینڈل بار کو آگے چلاتا ہے اور باقی لوگ پیچھے سے پیڈل چلاتے ہیں۔
انہوں نے مزید بتایا کہ پرنسن بیک پہلے بھی اعلیٰ تکنیکی مہارین کے طور پر جانا جاتا ہے، یہی وجہ ہے کہ اس سائیکل کا پرنسن بیک کے مقامی ہسٹری میوزیم میں اب ایک نیا گھر ہوگا۔