افغانستان کو تاریخی شکست: ’میچ تو شروع ہوتے ہی ختم ہوگیا‘

جمعرات 27 جون 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

آئی سی سی مینز ٹی20 ورلڈ کپ کے پہلے سیمی فائنل میں جنوبی افریقا نے افغانستان کو 9 وکٹوں سے شکست دے کر پہلی مرتبہ فائنل کے لیے کوالیفائی کرلیا۔

افغانستان کی بدترین شکست اور جنوبی افریقہ کے پہلی بار فائنل میں پہنچنے پر صارفین کی جانب سے مختلف تبصرے کیے جا رہے ہیں۔ فرید خان نے گلبدین نائب کی ایکٹنگ کرتے ہوئے تصویر شیئر کی جس میں وہ جوناتھن ٹراٹ کے اشارے کے بعد اچانک میدان میں گر جاتے ہیں اور افغانستان کی ٹیم کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ’یہ شاید مکافاتِ عمل ہے‘۔

ایک ایکس صارف نے طنزاً لکھا کہ مجھے یہ احساس ہو رہا ہے کہ افغانستان اور ساؤتھ افریقہ کے درمیان کھیلا جانے والا سیمی فائنل گلبدین نائب کو اچانک اٹھنے والے درد سے تھوڑا زیادہ دیر تک جاری رہا۔

انگلینڈ کے سابق کرکٹر مائیکل وان لکھتے ہیں کہ افغانستان کے سیمی فائنل میں کوالیفائی کرنے کے بعد ان کی فلائٹ 4 گھنٹے لیٹ ہوئی اور یوں انھیں پریکٹس کرنے اور نئے مقام پر تیاری کا وقت نہیں ملا۔

صحافی احتشام الحق نے لکھا کہ افغانستان جیسی ٹیم کے لیے اس مرحلے تک پہنچنا ہی جیت ہے اور وہ اسے اپنی جیت کے طور پر منائیں۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ اب افغانستان کی ٹیم ایشیا کی سرفہرست ٹیموں میں سے ایک ہے اور پاکستانی ٹیم کے لیے حقیقی خطرہ بن چکی ہے۔

عامر ملک نے افغانستان اور ساؤتھ افریقہ کے مابین ہونے والے میچ پر ایک میم شیئر کی جس میں لکھا تھا کہ بھائی یہ تو شروع ہوتے ہی ختم ہو گیا۔

واضح رہے کہ جمعرات کو ٹرینیڈاڈ میں کھیلے گئے میچ میں جنوبی افریقی بولرز کے سامنے افغانستان کی بیٹنگ لائن ریت کی دیوار ثابت ہوئی، جیت کے لیے صرف 57 رنز کا ہدف دیا، جنوبی افریقہ نے مطلوبہ ہدف 1 وکٹ کے نقصان پر 8.4 اوورز میں ہی حاصل کرلیا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp