ٹی20 ورلڈ کپ 2024 میں بننے والے اہم تاریخی ریکارڈز

جمعہ 28 جون 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

ہر عالمی مقابلے کی طرح ٹی20 ورلڈ کپ 2024 بھی کئی نئی داستانیں رقم ہوئیں۔ تیزی اور سنسنی خیزی سے بھرپور اس ورلڈ کپ میں کئی تاریخی ریکارڈز قائم ہوئے۔

سب سے زیادہ چھکے

آئی سی سی ٹی20 ورلڈ کپ کی تاریخ میں پہلی مرتبہ ایک ٹورنامنٹ میں 500 چھکے مارے گئے اور یہ 500واں چھکا دوسرے سیمی فائنل کے دوران بھارت کے اکشر پٹیل نے لگایا۔

اس سے قبل، ٹی20 ورلڈ کپ 2021 کے 45 میچز میں 405، 2022 کے 42 میچز میں 331، 2016 میں 314 اور 2014 کے ٹی20 ورلڈ کپ میں 300 چھکے لگے تھے۔

کسی ٹی20 ورلڈ کپ میں سب سے زیادہ 500 چھکوں کا یہ نیا ریکارڈ ابھی اپنا سفر طے کررہا ہے، یہ ریکارڈ کہاں جاکر رکے گا، اس کا تعین کل بھارت اور جنوبی افریقہ کے مابین ہونے والے فائنل میچ کے بعد ہوگا۔

سب سے زیادہ چوکے

انڈین بلے باز روہت شرما نے ٹی 20ورلڈ کپ کی تاریخ میں مجموعی طور سب سے زیادہ چوکے لگانے کا ریکارڈ اپنے نام کیا۔ روہت شرما نے ٹی20 ورلڈ کپ کی 43 اننگز میں مجموعی طور پر 113 چوکے لگائے ہیں۔

اس سے قبل، یہ ریکارڈ سری لنکا کے مہیلا جے وردھنے کے پاس تھا جنہوں نے ٹی20 ورلڈ کپ کی کل 31 اننگز میں 111 چوکے لگائے تھے۔ ورلڈ کپ میں سب سے زیادہ چوکے لگانے کی فہرست میں تیسرے نمبر پر بھارتی اسٹار کھلاڑی ویرات کوہلی ہیں۔

سب سے زیادہ وکٹیں

آسٹریلوی فاسٹ بولر مچل اسٹارک نے سپر8 مرحلے میں بنگلا دیشی بلے باز تنزید حسن کو آؤٹ کرکے ٹی20 اور ون ڈے کرکٹ ورلڈ کپ میں مجموعی طور سب سے زیادہ وکٹیں حاصل کرنے کا ریکارڈ اپنے نام کیا۔

انہوں نے دونوں فارمیٹس کے ورلڈ کپ میں مجموعی طور پر 95 وکٹیں حاصل کیں۔ اس سے قبل ون ڈے اور ٹی20 ورلڈ کپ میں مجموعی طور پر سب سے زیادہ 94 وکٹوں کا ریکارڈ سری لنکا کے لیستھ ملنگا کے پاس تھا۔

سیمی فائنل میچ میں مختصر ترین اننگز

ٹی20 ورلڈ کپ کے سیمی فائنل میچز کی تاریخ میں میں مختصر ترین اننگز کھیلنے کا ریکارڈ افغانستان نے بنایا ہے۔ امریکا اور  ویسٹ انڈیز کی مشترکہ میزبانی میں جاری ٹی20 ورلڈ کپ کے پہلے سیمی فائنل میں جنوبی افریقہ کے خلاف پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے افغانستان کی پوری ٹیم 11.5 اوورز میں صرف 56 رنز کر آؤٹ ہوئی۔

خوش قسمتی سے افغانستان ٹی20 ورلڈ کپ کی تاریخ میں مختصر اننگز کھیلنے والی ٹیم نہ بن سکی۔ ٹی20 ورلڈ کپ کی تاریخ میں سب سے مختصر اننگز کھیلنے والی ٹیم نیدرلینڈز ہے جو 2021 کے ٹی20 ورلڈ کپ میں سری لنکا کے خلاف کھیلتے ہوئے صرف 60 گیندوں پر آل آؤٹ ہوئی تھی۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp