کم عمر لڑکے کے اغوا اور قتل کے کیس میں 2 ملزمان کو دوہری عمر قید کی سزا

جمعہ 28 جون 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

کراچی کی انسداد دہشت گردی عدالت نے اغوا اور قتل کیس کا فیصلہ سناتے ہوئے 2 ملزمان کو 2 بارعمرقید کی سزا سنائی ہے۔

استغاثہ کے مطابق مولا بخش عرف مولی اور دانش مقبول نے اپنے ساتھیوں کے ساتھ مل کر 12 دسمبر 2020 کو لیاری کے علاقے رانگی واڑہ سے 11 سالہ عبدالرحمان کو اغوا کیا، جو اغواکاروں کی قید میں مبینہ طور پر خوف کے باعث جان کی بازی ہارگیا تھا۔

لڑکے کی موت کے باعث اغواکاروں نے شواہد مٹانے کے لیے اس کی لاش کو جلا دیا جو 20 دسمبر کو لیاری میں ملی تھی۔

اسٹیٹ پروسیکیوٹرغلام عباس کے مطابق 12 دسمبر 2020 حنیف بلوچ کا 11 سالہ بیٹا عبدالرحمان لیاری کے علاقے رانگی واڑہ میں گھر سے نکلنے کے بعد لاپتا ہوگیا تھا، جس کی تلاش میں ناکامی پرحنیف بلوچ نے اگلے دن اپنے بیٹے کی گمشدگی کی اطلاع پولیس کو دی۔

شکایت کنندہ کی جانب سے بچے کے اغوا کا شبہ بھی ظاہر کیا گیا تھا، 20 دسمبرکوبغدادی تھانے کی حدود میں ایک لڑکے کی جلی ہوئی لاش ملنے کی اطلاع ملی، جسے عبدالرحمان کی والدہ نے کپڑوں کی مدد سے شناخت کرلیا تھا۔

پولیس کے مطابق تفتیش کے مرحلے میں بہت سے لوگوں کو شک کی بنا پر حراست میں لیا گیا تھا جن میں ایک نے اعتراف جرم کرتے ہوئے پوری روداد بیان کی کہ کیسے 11 سالہ عبدالرحمان کواغوا کیا گیا اور کس طرح اس کی موت واقع ہوئی۔

پولیس کو دیے گیے بیان میں ملزمان نے بتایا کہ لیاری سے لڑکے کو اغوا کرکے گلشن مزدورمیں واقع ایک مکان میں کرسی کے ساتھ باندھ دیا تھا، جہاں اسے متعدد مرتبہ کیمیکل اورعرق گلاب کا اسپرے بھی کیا جاتا تھا، ملزمان کے مطابق عبدالرحمان دہشت کے باعث جان کی بازی ہار گیا۔

پولیس کے مطابق کم سن عبدالرحمان کو منشیات کے لین دین میں اغوا کیا گیا تھا، ملزموں نے کچھ دن بچے کواسی گھر کے واش روم میں رکھا اور بعد ازاں کیمیکلز سے لاش جلاکرلیاری کے علاقے بغدادی میں پھینک دی تھی۔

انسداد دہشت گردی عدالت نے دونوں ملزموں کو فی کس 4 لاکھ روپے لواحقین کو ادا کرنے کا بھی حکم دیا ہے، ابتدا میں یہ بنیادی طور پراغوا کا کیس درج ہوا تھا جس میں بعد ازاں ملزمان کی گرفتاری کے بعد تفتیش کی روشنی میں قتل اوردہشت گردی کی دفعات کا اضافہ ہوتا چلا گیا جو بالآخر ملزمان کو دی جانیوالی عمر قید کی سزا پرمنتج ہوا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp