کراچی میں آج کتنی بارش ہوگی اور مون سون کا آغاز کب سے ہوگا؟

جمعہ 28 جون 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

کراچی میں گزشتہ روز طوفانی ہواؤں اور بارش نے ہیٹ ویوو کو بریک لگوا دی، محکمہ موسمیات کے مطابق مون سون بارشوں کا باقاعدہ آغاز ہوچکا ہے اور آج گزشتہ روز کے مقابلے میں زیادہ بارش کا امکان ہے۔

چیف میٹرولوجسٹ سردار سرفراز کے مطابق کراچی کے مختلف علاقوں میں آج دوپہر کو گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے، شہر قائد میں چند مقامات پر تیز بارش بھی ہوسکتی ہے۔

’گزشتہ روز کے مقابلے میں آج سسٹم زیادہ طاقتور ہے، کراچی سمیت سندھ بھر میں پری مون سون بارشوں کا سلسلہ کل تک وقفے وقفے سے جاری رہے گا‘۔

سرفراز شاہ کا کہنا ہے کہ کراچی میں کل سے سمندری ہواؤں کا باقاعدہ آغاز ہوجائے گا، شہر قائد میں کل سے گرمی کی شدت میں واضح کمی آئے گی، مون سون بارشوں کا باقائدہ آغاز 4 جولائی سے ہوگا۔ رواں برس سندھ بھر میں معمول سے زائد بارش متوقع ہے۔

کراچی میں 24 گھنٹوں میں ہیٹ اسٹروک سے 7افراد انتقال کرگئے، محکمہ صحت سندھ کے مطابق اس سال مجموعی طور پر ہیٹ اسٹروک سے ہلاکتوں کی تعداد 17ہوگئی ہے۔ کراچی میں جمعرات کو ہیٹ اسٹروک کے مجموعی طور پر 212 کیسز رپورٹ ہوئے، ضلع وسطی کراچی میں سب سے زیادہ ہیٹ اسٹروک کے 98 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔

فیصل ایدھی کے مطابق گزشتہ 5دنوں 21جون سے 25جون تک 568افراد کی لاشیں ایدھی سردخانے میں آئی ہیں، عام دنوں میں 30 سے 40لاشیں سردخانوں میں آتی ہیں۔

لواحقین کے مطابق زیادہ تر اموات گرمی اور لوڈشیڈنگ کے باعث ہوئی ہیں اور زیادہ تر ڈیتھ سرٹیفیکیٹ میں وجہ موت دل کا دورہ پڑنے کا بتایا گیا ہے۔

واضح رہے گزشتہ ہفتے کراچی میں شدید ہیٹ ویوو اور پارہ 42 ڈگری سینٹی گریڈ تک بڑھ گیا تھا، اور محکمہ موسمیات نے مزید بڑھنے کی بھی پیش گوئی کر رکھی تھی۔ تاہم مون سون سسٹم کے داخل ہونے پر محکمہ موسمیات نے پارہ کم ہونے اور صوبے بھر میں بارشوں کی پیشگوئی کر رکھی ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp