انسانیت کی زندہ مثال، بچی کو بچاتے اسکول ٹیچر بازو اور ٹانگ سے محروم ہوگیا

جمعہ 28 جون 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

کوئٹہ میں کوئلہ ریلوے پھاٹک پر ایک استاد نے اپنی جان پر کھیل کر ٹرین کی زد میں آنے والی بچی کو بچالیا، تاہم وہ خود اپنے ایک ہاتھ اور ایک پاؤں سے محروم ہو گیا ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق کوئٹہ کے علاقے شہباز ٹاؤن کا رہائشی عامر غوری گورنمنٹ شہید شفیق احمد ہائی اسکول میں جے وی ٹیچر ہیں، عامر غوری اسکول جانے کے لیے گھر سے نکلے تو انہوں نے دیکھا کہ ایک بچی ریلوے پھاٹک کراس کررہی ہے، جبکہ ٹرین تیزی سے آرہی ہے۔

بچی کی جان خطرے میں دیکھ کر عامرغوری نے بچی کو بچانے کی کوشش کی اور وہ اس کوشش میں کامیاب بھی ہوگئے، تاہم وہ خود بری طرح زخمی ہوگئے، انہیں سول اسپتال کوئٹہ کے ٹراما سینٹر میں منتقل کیا گیا، جہاں ان کا علاج کیا گیا، ان کی جان تو بچ گئی لیکن ڈاکٹروں کو ان کا ایک بازوں اور ایک ٹانگ کاٹنا پڑی۔

وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے استاد عامر غوری کی انسانیت کی خدمت کے جذبے کو سراہا ہے اور ان کی اہلیہ کو سرکاری ملازمت دینے کا اعلان کیا ہے۔

وزیر اعلیٰ نے اسپتال میں عامر غوری کی عیادت کی اور انہیں کراچی کے آغا خان اسپتال میں علاج کے لیے بھیجنے کے احکامات بھی جاری کیے۔

اس حوالے سے چیف منسٹر سیکرٹریٹ سے عامر غوری کے علاج معالجے لیے مراسلہ بھی جاری کردیا گیا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp