دہلی ایئرپورٹ کی چھت گرنے سے ایک شخص ہلاک، 8 زخمی

جمعہ 28 جون 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

شدید بارش کے باعث دہلی کے ہوائی اڈے کے ڈومیسٹک روانگی والے ٹرمینل کی چھت گرنے سے ایک شخص ہلاک اور 8 زخمی ہوگئے۔ متاثرہ ٹرمینل سے روانہ ہونے والی تمام پروازیں معطل کردی گئیں۔

نئی دہلی کے اندرا گاندھی بین الاقوامی ہوائی اڈے پر جمعے کو پیش آنے والے اس حادثے کے بعد حکام نے ٹرمینل 1 کو خالی کروالیا اور فلائٹ آپریشن بھی عارضی طور پر معطل کردیا۔

دہلی فائر سروسز کے ڈائریکٹر اتل گرگ نے ایک ہلاکت اور زخمیوں کی تصدیق کی۔

حکام کا کہنا ہے کہ موسلا دھاربارش کے باعث چھت گرگئی جس کا ملبہ ہٹایا جا رہا ہے۔ متاثرہ افراد کو طبی امداد فراہم کردی گئی ہے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق چھت کے علاوہ کچھ سپورٹنگ بیم بھی گرے ہیں اور ٹرمینل پر پک اپ اور ڈراپ آف ایریا میں کاروں کو بھی نقصان پہنچا ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق ہوائی اڈے کے علاقے میں صبح سویرے 3 گھنٹوں کے دوران تقریباً 148.5 ملی میٹر بارش ہوئی جو پورے جون کی اوسط سے زیادہ ہے۔ ہیٹ ویو کے طویل عرصے کے بعد سالانہ مون سون کی زد میں آنے کے بعد دارالحکومت کے کئی دوسرے حصے بھی زیر آب آگئے ہیں۔

وزیراعظم مودی پر کڑی تنقید

وزیر اعظم نریندر مودی کی طرف سے ہوائی اڈے کی تزئین و آرائش کے منصوبے کا افتتاح کرنے کے چند ماہ بعد یہ حادثہ پیش آیا ہے۔ یہ ایئرپورٹ ان کے بنیادی منصوبوں میں سے ایک شمار ہوتا ہے۔

ملک میں حفاظت اور تعمیراتی معیارات تشویش کا باعث بنے ہوئے ہیں۔ حکومت نے چھت گرنے کے واقعے کی تحقیقات کا حکم دے دیا ہے۔

اس واقعے کے بعد حزب اختلاف کے سیاست دانوں نے وزیر اعظم پر کڑی تنقید کی ہے۔ کانگریس پارٹی کی جنرل سیکریٹری پرینکا گاندھی نے ایئرپورٹ کے کام کو ناقص اور ایک کرپٹ ماڈل قرار دیتے ہوئے نریندر مودی سے سوال کیا ہے کہ کیا وہ اس کی ذمے داری قبول کریں گے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp