آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی نے فنانس بل 2024 کی کثرت رائے سے منظوری دے دی۔
آزاد کشمیر کے وزیر خزانہ عبدالماجد خان نے کہاکہ بجٹ میں ریاست کے عوام پر کوئی نیا ٹیکس نہیں لگایا گیا۔
اس موقع پر ایوان میں اظہار خیال کرتے ہوئے وزیراعظم چوہدری انوارالحق نے کہاکہ میری حکومت پر کرپشن، بددیانتی اور بیڈ گورننس کا کوئی الزام نہیں۔
مزید پڑھیں
انہوں نے کہاکہ سرکاری ملازمین کی بائیو میٹرک کے ذریعے حاضری یقینی بنائی جس سے ملازمین کی حاضری 33 فیصد سے 90 فیصد ہوگئی۔
وزیراعظم نے کہاکہ ہماری حکومت نے پبلک سروس کمیشن کو مضبوط بنایا جس سے اب غریب کا بچہ میرٹ پر بھرتی ہورہا ہے۔ اس کے علاوہ اینٹی کرپشن کے ادارے کو مضبوط بنایا۔
چوہدری انوارالحق نے کہاکہ ہماری حکومت نے 20 ارب کے سگریٹ مافیا کے خلاف کریک ڈاؤن کیا۔ میں ریاست مخالف عناصر سے نمٹوں گا لیکن اپنے عوام کے خلاف پولیس کو استعمال نہیں کروں گا۔
وزیراعظم آزاد کشمیر نے کہاکہ ہم مرتے دم تک نظریہ الحاق پاکستان کے ساتھ کھڑے رہیں گے۔ ’کہا جاتا ہے کہ میں نے سیاسی جماعتیں ختم کردیں، حقیقت یہ ہے کہ سیاسی جماعتیں اپنے اعمال کی وجہ سے کمزور ہوئیں‘۔
انہوں نے کہاکہ ہم نے شفافیت کے ساتھ اس خطہ کو تحریک آزادی کے بیس کیمپ میں تبدیل کرنا ہے۔ اپنی افواج پاکستان کے ساتھ کھڑے ہیں۔
انہوں نے کہاکہ آزاد کشمیر سے بجلی چوری کا خاتمہ کریں گے، مساجد کے لیے 200 یونٹ معاف کرنے کا اعلان کرتا ہوں۔
وزیراعظم نے کہاکہ ہم آزاد کشمیر کے تمام شہریوں کو صحت کارڈ کی سہولت فراہم کریں گے۔
انہوں نے کہاکہ ریاست کے نوجوانوں کو یقین دلاتا ہوں کہ این ٹی ایس اور پی ایس سی میں آپ کے حق پر ڈاکہ نہیں ڈالنے دوں گا۔
بعد ازاں اسپیکر قانون ساز اسمبلی نے اجلاس 30 جون کو صبح 10 بجے تک ملتوی کردیا۔