بھارت نے آئی سی سی ٹی20 ورلڈکپ 2024 کے فائنل میں سنسنی خیز مقابلے کے بعد جنوبی افریقہ کو شکست دے کر 2007 کے بعد دوسری بار ٹی20 ورلڈ کپ کی ٹرافی اٹھائی اور اس کے ساتھ ہی ٹورنامنٹ کی تاریخ کی سب سے بڑی انعامی رقم بھی حاصل کی ہے۔
ٹی20 ورلڈکپ 2024 کی فاتح بھارتی ٹیم کو 24 لاکھ 50 ہزار ڈالرز انعامی رقم ملی جو پاکستانی 68 کروڑ 28 لاکھ 75 ہزار روپے بنتے ہیں۔ ورلڈ کپ کی رنر اپ ٹیم جنوبی افریقہ کو 12 لاکھ 80 ہزار ڈالرز ملے جو پاکستانی روپوں میں 35کروڑ 67 لاکھ 67 ہزار بنتے ہیں۔
آئی سی سی کے مطابق سیمی فائنلز تک پہنچنے والی دونوں ٹیموں افغانستان اور انگلینڈ کو بالترتیب 7 لاکھ 87 ہزار 5 سو امریکی ڈالرز دیے گئے ہیں۔ سُپر8 مرحلے سے سیمی فائنل کے لیےکوالیفائی نہ کرنے والی 4 ٹیموں کو 3 لاکھ 82 ہزار 5 سو ڈالرز دیے گئے ہیں۔
اسی طرح میچ جیتنے والی ہر ٹیم کو 31 ہزار ایک سو 54 ڈالرز جب کہ 9ویں سے 12 ویں پوزیشن حاصل کرنے والی ٹیموں کو 2 لاکھ 47 ہزار 5 سو ڈالرز اور 13 ویں سے 20 ویں پوزیشن حاصل کرنے والی ٹیموں کو 2 لاکھ 25 ہزار ڈالرز دیے گئے ہیں۔