صدر پاکستان آصف علی زرداری نے فنانس ترمیمی بل 2024 کی توثیق کر دی۔
مزید پڑھیں
میڈیا رپورٹس کے مطابق صدر پاکستان آصف علی زرداری کو قومی اسمبلی سیکرٹریٹ کی جانب سےگزشتہ روز فنانس ترمیمی بل 2024 ایوان صدر کو بھجوایا گیا تھا، جس کی صدر آصف علی زرداری نے توثیق کر دی ہے۔ صدر کی توثیق کے بعد یہ کل (یکم جولائی 2024) ہی سے نافذ العمل ہو گا۔
واضح رہے کہ قومی اسمبلی نے 2 روز قبل اسپیکر ایاز صادق کی زیر صدارت ہونے والے اجلاس میں 18 ہزار 887 ارب روپے کا وفاقی بجٹ منظور کیا تھا۔جب کہ سنی اتحاد کونسل اور دیگر اپوزیشن جماعتوں نے فنانس بل 2024 کی مخالفت کی تھی۔
آئی ایم ایف کا فنانس بل 2024 میں بڑی تبدیلیاں قبول کرنے سے انکار
واضح رہے کہ صدرمملکت سے توثیق پانے والے فنانس بل 2024 میں قبل ازیں بین الاقوامی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) نے تجویز کردہ کلیدی رعایتوں کو مسترد کر دیا تھا۔
آئی ایم ایف نے برآمد کنندگان کی مضبوط لابنگ کے باوجود برآمدی آمدنی کے لیے مقررہ انکم ٹیکس نظام کی بحالی کی اجازت دینے سے بھی انکار کر دیا تھا۔ جب کہ حکومت نے برآمد کنندگان کے لیے مقررہ ٹیکس کی شرح کو 1 فیصد سے بڑھا کر 2-3 فیصد کرنے کی تجویز دی تھی، لیکن آئی ایم ایف نے مطالبہ کیا تھا کہ برآمد کنندگان سمیت تمام آمدنیوں پر عام حکومت کے تحت ٹیکس عائد کیا جائے۔