بھارتی کرکٹ ٹیم کا اگلا کپتان کون؟، 4 نام سامنے آگئے

اتوار 30 جون 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

ٹی20 ورلڈ 2024 کی ناقابل شکست بھارتی کرکٹ ٹیم کی قیادت کرنے والے روہت شرما نے ٹی 20 انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کر کے اس ناقابل شکست ٹیم کی قیادت کسی اور کوسونپنے کی راہ ہموار کر دی ہے۔

بھارتی کرکٹ ٹیم کے اس 37 سالہ کپتان نے اپنی زندگی کی ایک اہم کامیابی سمیٹنے کے بعد بین الاقوامی کرکٹ کے مختصر ترین فارمیٹ سے ریٹائرمنٹ لینے کی تصدیق کر دی ہے۔

ٹی20 ورلڈ کپ 2024 کا تاج بھارتی کرکٹ ٹیم کے سر سجانے والے روہت شرما نے کہا کہ یہ میرا آخری ٹی20 ورلڈ کپ تھا۔ اس فارمیٹ کو الوداع کہنے کا اس سے بہتر وقت نہیں ہے۔ میں نے اس کے ہر لمحے سے بے پناہ محبت کی اور یادگار بنایا۔

انہوں نے کہا کہ میں نے اپنے کرکٹ کیریئر کا آغاز اسی ٹی20 فارمیٹ میں کھیلتے ہوئے کیا تھا۔ فائنل جیتنے کے بعد پریس کانفرنس میں روہت شرما نے کہا کہ ورلڈ کپ جیتنا میرا خواب تھا جو میں نے پورا کر دکھایا۔

اب جبکہ بھارت اپنی فتوحات کو جاری رکھنے کی تیاریاں کرے گا تو اسے نئی قیادت کی بھی ضرورت ہو گی۔ سوال یہ پیدا ہوتا ہے کہ ٹی 20 ورلڈ کپ کے اگلے ایڈیشن میں روہت شرما کی جگہ کون لے گا، اس کے لیے 4 نام گردش کرنے لگے ہیں جو ممکنہ طور پر 2026 میں سری لنکا میں ہونے والے ٹی 20 ورلڈ کپ میں بھارتی ٹیم کی قیادت کر سکتے ہیں۔

ہاردک پانڈیا

ہاردک پانڈیا کے ٹی 20 فارمیٹ میں بھارتی ٹیم کا اگلا کپتان بننے کا امکان ہے۔ بھارتی کرکٹ ٹیم کا یہ مایہ ناز آل راؤنڈر پچھلی کچھ سیریز میں انتہائی عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کر چکا ہے۔

اس وقت بھارت میں بڑے پیمانے پر قیاس آرائیاں کی جارہی ہیں کہ ہاردک پانڈیا کو ہی ٹی 20 انٹرنیشنل میں بھارتی کرکٹ ٹیم کا اگلا کپتان مقرر کیا جائے گا۔ ہاردک پانڈیا نے ورلڈ کپ میں بھی اپنی صلاحیتوں اور انتہائی عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔

جسپریت بمراہ

بھارتی کرکٹ ٹیم پر عالمی چیمپیئن کا تاج سجانے میں سب سے اہم کردار ادا کرنے والے جسپریت بمراہ بھی کپتان بننے کے ممکنہ امیدوار ہیں۔ بمراہ بہت کم گو آدمی ہیں لیکن گیند پھیکنے کی ان کی فطری صلاحیت ان کے کپتان بننے میں ایک محرک عنصر ہوسکتی ہے۔ تیز اور سیونگ کے کاریگر گیند باز جسپریت بمراہ بھارت کے لیے میچ ونر بولر ہیں۔ لہٰذا بمراہ یقینی طور پر کپتانی کی دوڑ میں شامل ہوں گے۔

سوریہ کمار یادو

بھارتی کرکٹ ٹیم کی قیادت کے لیے تیسرا نام سوریہ کمار یادو کا گردش کر رہا ہے۔ بھارتی بلے باز کچھ عرصے سے ٹیم میں موجود ہیں اور اپنے پرسکون کھیل کے لیے جانے جاتے ہیں۔ اگر سلیکٹرز کسی پرسکون کردار کو چاہتے ہیں تو وہ کپتانی کے لیے سوریہ کمار یادو کا رخ کرسکتے ہیں۔ وہ 2 میچوں میں ممبئی انڈینز کی کپتانی کر بھی چکے ہیں۔

رشبھ پنت

رشبھ پنت بھی بھارتی کرکٹ ٹیم کی قیادت کی دوڑ میں شامل ہیں۔ اگر بی سی سی آئی آنے والے دنوں کے لیے بائیں ہاتھ کے کسی بلے باز کو کپتان بنانا چاہتی ہے تو رشبھ پنت کے علاوہ کسی کا انتخاب نہیں کریں گے۔ آئی پی ایل کی کپتانی کے تجربے کے ساتھ پنت ایسے کھلاڑی ہیں جو یقیناً بھارتی کرکٹ ٹیم کی قیادت کی دوڑ میں شامل ہوں گے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp